ٹیکنکل تعلیم حاصل کرنے والے قیدیوں کی سزا کم ، کچے میں دوبارہ جرائم نہیں پنپنے دینگے :محسن نقوی 

لاہور (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت جیل ریفارمز سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنے والے قیدیوں کی سزا میں بھی کمی کی جائے گی اور سزا میں کمی کی مدت 2ماہ سے بڑھاکر 3ماہ ہوگی۔ جبکہ سزا میں کمی کا اطلاق سال میں 2بار ہوسکے گا۔ ملاقاتیوں کیلئے انتظار گاہوں میں سہولتیں بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جیلوں میں پی سی اوز کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور قیدیوں کے لئے ویڈیو کال اور انٹرنیشنل کال کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ جیل ہسپتالوں کا انتظام محکمہ صحت کے سپرد کیا جا رہا ہے اور بیرکس میں کیبل کے ساتھ ایل ای ڈی ٹی وی کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ جیل کنٹین کے فرسودہ نظام کو ختم کرکے بڑے سٹور کی چین یایوٹیلٹی سٹور کھولنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تمام بیرکس اور سیل میں ایئر کولر لگائے جائیں۔ اجلاس میں کسی عزیز کے انتقال پر قیدی کو پیرول پر رہا کرنے کا اختیار سپرنٹنڈنٹ جیل کو بھی دینے کافیصلہ کیا گیا۔ دریں اثناء محسن نقوی رحیم یار خان کے علاقے شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانو ں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے کچے کے علاقے پہنچ گئے۔ محسن نقوی نے کچے کے شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے مواضعات اور اندرون کچہ کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات پولیس کے جوانوں سے ملاقات کی اور شدید گرمی میں آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس جوانوں کے جذبے کو سراہا۔ محسن نقوی، پولیس افسروں نے جوانوں کے ساتھ مل کر کھانا کھایا اور ان کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی نے کچہ میں قائم سکول میں زیر تعلیم بچوں کو انعامات دیئے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے کچے کے علاقے میں سکول اور ہسپتال کے قیام کا اعلان کیامحسن نقوی نے کہا کہ کچہ کے عوام کو صحت و تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اورجوانوں کی بہادری اورجذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ کچے کے علاقے میں پائیدار امن کا قیام پہلی ترجیح ہے۔ شرپسندوں کے ٹھکانے ختم کر کے مستقل انفراسٹرکچر قائم کیاجا رہا ہے۔شرپسند عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو امن و امان اور کچے کے کلیئر کرائے گئے علاقوں پر بریفنگ دی۔نگران وزیراعلی نے گزشتہ روز ملتان میں چلڈرن ہسپتال اورکارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کاجائزہ لیا۔ چلڈرن ہسپتال میں ایک بیڈ پر 4،4بچوں کا علاج کیا جا رہاتھا جبکہ تیمارداروں نے طبی سہولتوں کے فقدان کے حوالے سے شکایات کیں۔

ای پیپر دی نیشن