انقرہ (نوائے وقت رپورٹ) ترکیہ کے مرکزی بینک نے مہنگائی کی روک تھام اور کرنسی کی قدر بہتر بنانے کے لیے شرح سود میں لگ بھگ دوگنا اضافہ کیا ہے اور اس اضافے کے بعد شرح سود 8.5 فیصد سے 15 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔ حال ہی میں دوبارہ منتخب ہونے والے صدر رجب طیب اردگان کی نئی معاشی ٹیم نے مانیٹری پالیسی میں ڈرامائی یوٹرن لیا۔ ترکیہ کے مرکزی بینک نے بتایا کہ بتدریج پالیسی کو اس وقت تک سخت کیا جائے گا جب تک مہنگائی کی شرح کم نہیں ہو جاتی۔ 2021 میں شرح سود 19 فیصد تھی جس میں بتدریج کمی کی گئی اور یہ مارچ 2023 میں 8.5 فیصد تک پہنچ گئی تھی، مگر اس کے ساتھ ساتھ مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا تھا۔ مئی میں ترکیہ میں مہنگائی کی شرح 40 فیصد کے قریب تھی جبکہ لیرا کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں کافی عرصے سے کمی آرہی تھی۔
ترکیہ/ شرح سود
مانیٹری پالیسی پر یوٹرن‘ ترکیہ نے مہنگائی روکنے کیلئے شرح سود ڈبل کر دی
Jun 24, 2023