عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں: منصور قادر


حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت )نگران صوبائی وزیر ہائیر ایجو کیشن اینڈ سکولز ایجو کیشن منصور قادر نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پر تمام صوبائی وزراءمختلف اضلاع کے دورے کر کے وہاں عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیںتمام افسران اپنے اداروں کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے انہیں حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کریں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنے دورے حافظ آباد کے موقع پر مختلف محکموں کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جس میں ڈپٹی کمشنر عمر فارو ق وڑائچ ، ڈی پی او ڈاکٹر فہد احمد ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو امتیاز علی بیگ سمیت دیگر افسران موجو د تھے۔صوبائی وزیر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال، زیر تعمیر یونیورسٹی آف حافظ آباد ، گوجرانوالہ حافظ آباد روڈ اور نئے تعمیرہونے والے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی سائٹ کا بھی دورہ کیا۔صوبائی وزیر کاکہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں جہاں تعلیم ، صحت اور دیگر سروسز کی بہتر فراہمی کو یقینی بنانا ہے تو وہیں دیگر تمام محکموں کی کارکردگی کو بھی بہتر بناکر عوام کو ریلیف فراہم کر نا ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو مختلف محکموں کی مجموعی کارکردگی پرائس کنٹرول کمیٹیوں ، مویشی منڈیوں کے قیام، پارکوں کی بحالی ،تزئین و آرائش ، فلٹریشن پلانٹس کی بحالی،ہسپتال میں نئے سی سی یو، آئی سی یواور پیڈز وارڈز کے قیام سمیت شہر کے مختلف مقامات کی تزئین و آرائش بارے بریفنگ دی۔ 

ای پیپر دی نیشن