لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر پرائمری ہیلتھ و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پورے ملک سے سارا سال مری کی سیر کیلئے آنے والوں اور مقامی آبادی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کے فراہمی کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری کو خصوصی بجٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں بستروں کی اصل تعداد 82 بحال اور 14 مزید نرسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ہسپتال کا آپریشن تھیٹر ایک ہفتے میں آپریشنل کر دیا جائے گا۔ مریضوں کے ڈائیالسسز 15جو لائی سے شروع کئے جائیں گے۔ تمام کنسلٹنٹس اور ڈاکٹروں کو موسم گرما اور عید کی چھٹیوں میں سیاحوں کے رش کے پیش نظر ڈیوٹی کا پابند کر دیا گیا ہے۔ یہاں زچہ خواتین اور اطفال سمیت تمام شعبوں اور پتھالوجی لیب میں 24 گھنٹے ڈاکٹرز اور عملہ کہ موجودگی یقینی بنا رہے ہیں تا کہ مریضوں کو بے جا انتظار نہ کرنا پڑے۔او پی ڈی میں صبح کے وقت پرچی بنانے پر زیادہ عملہ تعینات ہو تاکہ مریضوں کو انتظار نہ کرنا پڑے۔مری میں بنیادی مراکز صحت کو بھی بہتر کر رہے ہیں تاکہ ٹی ایچ کیو پر رش کم ہو۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر پرائمری ہیلتھ و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر کا ٹی ایچ کیو مری کا دورہ کیا۔ انہوں نے او پی ڈی، پتھالوجی لیب، ڈینٹل کلینک اور ایکسرے روم کا معائنہ کیا۔