ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی لوڈ شیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہو گیا، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے متجاوز کر چکا ہے۔ پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 484 میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کی طلب 28 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 516 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔ ادھر لاہور میں تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر جلنے سے شہر کے متعدد علاقے رات بھر بجلی سے محروم رہے، سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی اوور لوڈڈ ٹرانسفارمرز جواب دے گئے، سسٹم اوور لوڈ ہونے سے شہر کے مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث بچے، بوڑھے، خواتین اور بیمار شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بجلی کی طویل بندش کے باعث پانی کی بھی کمی کا سامنا ہے، شدید گرمی اور حبس سے شہری نڈھال ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے، شہر میں 10 سے 12 گھنٹوں کی اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، شہر میں بجلی کی طلب 3 ہزار300 میگا واٹ ہے جبکہ سپلائی 2 ہزار950 میگا واٹ ہے، 350 میگا واٹ کے شارٹ فال کو پورا کرنے کیلئے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق لائنز ایریا، صدر، سٹی ریلوے کالونی، ہجرت کالونی میں 10سے 12 گھنٹے تک بجلی کا تعطل ہے، نیو کراچی، مدینہ کالونی، سندھی ہوٹل، ناگن چورنگی کے اطراف میں بھی 10 سے 12 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ علاوہ ازیں بجلی کی اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام سراپا احتجاج ہیں، گرمی کیساتھ ہی عوام کا پارہ بھی ہائی ہو گیا، لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ہے۔
شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے متجاوز، لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو، شہری پریشان
Jun 24, 2023 | 16:19