حافظ آبا د(نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر سند س ارشاد نے کہا ہے کہ تمام محکموں کے افسران اور ملازمین ضلع بھر میں انسداد ڈینگی اقدامات اور عوام کو اس سے بچائو کے لیے اپنی مشترکہ جدو جہد جاری رکھیں اور تمام محکمے انسداد ڈینگی کے حوالے سے اپنی ان ڈور ، آئوٹ ڈور سرگرمیوں کے ٹارگٹ کو بھی پورا کریں تا کہ موسم برسات میں ڈینگی مچھر اور اس کے لاروا کی افزائش کو روکا جا سکے ۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار انسداد ڈینگی اقدامات کے جائزہ کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر ظہیر احمد سمیت دیگر تمام ضلعی محکموں کے افسران اجلاس میں شریک تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت، میونسپل کمیٹیوں اور دیگر محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ پارکوں، قبرستانوں اور دیگر عوامی مقامات کے سروے اور انسپیکشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے تا کہ ان مقامات پر ڈینگی لارواء کی افزائش نہ ہو سکے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ عوام میں ڈینگی مچھر سے بچائو کے حوالے سے آگاہی کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے ۔