گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی سٹی کے زیر اہتمام عظیم لیڈر بینظیر بھٹو کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر سٹی پیپلز سیکرٹریٹ 25A ڈار ہاؤس سیٹلائیٹ ٹاؤن میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی نائب صدر سنٹرل پنجاب میاں اظہر حسن ڈار تھے۔ صدارت صدر پیپلز پارٹی سٹی میاں ودود حسن ڈار، جنرل سیکرٹری سٹی خالد حسین باجوہ نے کی۔ بے نظیر بھٹو کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ملک قوم کے لئے ان کی قربانیوں کو سراہا گیا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو جیسی عظیم لیڈر پاکستانی قوم کے لئے اللہ کا تحفہ تھیں ، بینظیر بھٹو وہ تاریخ ساز شخصیت تھیں جن کا نام تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ سالگرہ کے موقع پر اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید بی بی کے مشن کو مکمل کرنے کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔ مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے اگر پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف بدزبانی کی تو جیالے بھرپور جواب دیں گے ۔ان کی روح ایصال ثواب اور مغفرت کیلئے دعا کی گئی تقریب کے اختتام پر شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کی 71ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔