لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے 29ویں میچ میں کرس جارڈن کی ہیٹ ٹرک اور کپتان جوز بٹلر کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے امریکہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ بارباڈوس میں کھیلے جانے والے گروپ 2 کے اہم میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر امریکہ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کھیلنے والی اور پہلے مرحلے میں پاکستان کو شکست دینے والی امریکی ٹیم کی آخری 5 وکٹیں بغیر کسی رن پر گرگئیں۔ امریکہ کی ٹیم 115 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ شریک میزبان ٹیم کی جانب سے نتیش کمار 30 اور کوری اینڈرسن 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہرمیت سنگھ نے 21 ایرون جونز نے 10 رنز بنائے، سٹیون ٹیلر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کرس جارڈن نے ہیٹ ٹرک بناتے ہوئے چار آؤٹ کیے۔ سیم کرن اور عادل رشید نے دو دو جبکہ ریس ٹاپلے اور لیام لونگسٹن نے ایک ایک وکٹ لی۔ دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے 116 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ کپتان جوزبٹلر نے 38 گیندوں پر 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ فل سالٹ نے 25 رنز بنائے۔بٹلر نے امریکی بائولر ہرمیت سنگھ کو ایک ہی اوور میں 5 چھکے لگائے۔ انگلینڈ کے عادل رشید کو فتح گر بائولنگ سپیل پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انگلینڈ نے امریکہ کو ہرا کرسیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔انگلینڈ گروپ2 سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلے ٹیم ہے، دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے میچ سے ہوگا۔