آئندہ مالی سال کیلئے 3800 ارب روپے زائد اضافی ٹیکس ہدف :اسحاق بریار 

Jun 24, 2024

لاہور( کامرس رپورٹر)آنے والے دن اچھی خبر نہیں دے رہے جو پہلے سے ٹیکس دے رہے ہیں ان پر مزید بوجھ لادھا جارہا ہے۔ایک عام شہری جو بجلی کا 12سے 13ہزار روپے بجلی کا بل دیتا ہے اس میں اصل قیمت 8ہزار روپے جبکہ باقی تمام ٹیکسز ہیں اور کہا جاتا ہے۔ عوام ٹیکسز نہیں دیتے۔ آئندہ مالی سال کیلئے 3800 ارب روپے زائد اضافی ٹیکس ہدف رکھا گیا ہے لیکن یہ نہیں بتایا گیا یہ کہاں سے اکٹھا کیا جائے گا۔ ایف بی آر کو صرف انفورسمنٹ کا ہنر آتا ہے جو بیگاڑ کا باعث ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماہر امور ٹیکس و جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن لاہوراسحاق بریار ،صدرآئی ایل اے ونائب صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن عاشق علی رانا ،جنرل سیکرٹری ملک جلیل اعوان،سینئر نائب صدر فیصل اقبال خواجہ،فنانس سیکرٹری شیخ عدیل اوردیگر مقررین نے ’’ ٹیکس اور عوام‘‘مذاکرے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈنگ ٹپائو پالیسیاں کبھی کارگر ثابت نہیں ہو سکتیں۔ایف بی آر میں روزانہ کی بنیاد پر تجربات کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ حکومت کو تجویز ہے کہ ایک بار غیر ملکی فرموں سے ٹیکس نظام کیلئے سٹڈی رپورٹ تیار کر الی جائے اور اس پر عملدرآمد کیا جائے۔ مقامی بیورو کریسی ٹیکس کے نظام میں سدھار لانے کی استعداد رکھتی ہے اور نہ وہ اس نظام کی بہتری چاہتی ہے۔

مزیدخبریں