فیروزوالہ( نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن)ضلعی تنظیم کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور سابق چیئرمین ایم سی فیروز والا محمد ریاض گجر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے جس طرح بھرپور اقدامات اٹھائے وہ لائق تحسین ہے مگر بعض نقاد اس پر بھی انگلیاں اٹھا رہے ہیں حالانکہ صوبہ کے عوام آگاہ ہیں کہ جس طرح امسال عید کے موقع پر امن و امان کی صورتحال موثر رہنے سمیت دیگر انتظامی امور فعال رہے اس کی ماضی قریب میں مثال نہیں ملتی جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خراج تحسین کی حقدار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں ستھرا پنجاب کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے۔ شہروں، قصبات اور بڑے دیہات میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یکسر یقینی بنائی جارہی ہے جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہورہا ہے اور علاقائی پسماندگی کے خاتمہ میں بڑی مدد مل رہی ہے۔ملک میں سیاسی عدم استحکام بڑھا تو یہ کسی کے حق میں بہتر نہیں ہوگا۔ پاکستان معاشی بحرانوں کی زد میں ہے (ن) لیگ اپنی بھرپور کوششوں سے ملکی ترقی کی راہ ہموار کررہی ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے۔
مریم نواز کی قیادت میں ستھرا پنجاب کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے:ریاض گجر
Jun 24, 2024