شہید کانسٹیبل محمد عدنان کی نماز جنازہ ‘سی سی پی او سمیت اعلیٰ افسروں کی شرکت 

Jun 24, 2024

لاہور(نامہ نگار)ڈولفن فورس کے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل محمد عدنان کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی ہے۔نماز جنازہ میں سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ،ڈی آئی جی آرگنائز ڈکرائم یونٹ عمران کشور،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران،ایس ایس پی ڈولفن رانا عمر فاروق، ایس پی ہیڈ کوارٹرزاحمد زنیر چیمہ سمیت پولیس افسران واہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سی سی پی او لاہور نے شہید کانسٹیبل محمد عدنان کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس موقع پر کانسٹیبل محمد عدنان کی روح کے ایصال ِ ثواب کیلئے دعا کی گئی جبکہ لاہور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ نے شہید کانسٹیبل محمد عدنان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔شہید کانسٹیبل محمد عدنان کا تعلق لیل گاؤں کماہاں سے تھا۔پسماندگان میں اہلیہ اورایک بیٹی شامل ہیں۔ شہید کانسٹیبل محمد عدنان ہیئر کے علاقے میں ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی میں شہادت کے منصب پر فائز ہوئے۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شہید کانسٹیبل محمد عدنان کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور شہید کی فرض شناسی کو سراہا۔ سی سی پی او لاہورنے ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران زخمی ہونے والے کانسٹیبل محمد ظفراللہ کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایات جاری کیں۔انہوںنے کہا کہ شہید کانسٹیبل محمد عدنان نے فرض کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے محکمے کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔محمد عدنان شہیدنے جان قربان کرکے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔ شہید کانسٹیبل محمد عدنان شہیدکی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ شہید کانسٹیبل محمد عدنان کے اہلخانہ کی مکمل دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں