لاہور(لیڈی رپورٹر) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پاکستان وپنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، رانا لیاقت، سعید نامدار، رانا انوار، نادیہ جمشید، ملک مستنصر باللہ اعوان، مصطفی سندھو ،آغا سلامت، چوہدری محمد علی، میاں ارشد، رانا الیاس، ظفر جمال ، منیر انجم ، اصغر ڈوگر ،چوہدری عباس، طارق زیدی، مرزا طارق، رانا خالد، طاہر اسلام، غفار اعوان، اسلم گھمن، اختر بیگ، مصطفی وٹو، مہر بلال و دیگر نے کہا کہ بجٹ کی منظوری سے قبل ہی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے اساتذہ سمیت سرکاری ملازمین کی زندگیاں اجیرن کردیں ہیں۔ انکم ٹیکس میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ ملازمین فاقہ کشی اور بھیک مانگنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ بجٹ میں اعلان کردہ تنخواہوں وپینشن میں اضافہ آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے ملازمین کی کمر توڑدی ہے لہٰذا حکومت ہوش کے ناخن لے۔ بے لگام مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ انکم ٹیکس میں مجوزہ اضافے کو واپس لے اور اساتذہ کو ملنے والا ربیٹ بحال کیا جائے۔ لیو انکیشمنٹ کا نوٹیفکیشن حسب وعدہ ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔ ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت کا خاتمہ کیا جائے اور ہاؤس رینٹ ، میڈیکل و کنوینس الاؤنس میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے وگرنہ اساتذہ سمیت سرکاری ملازمین احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔
مہنگائی کا طوفان ، تنخواہوں میں اضافہ آٹے میں نمک کے برابر:چوہدری سرفراز
Jun 24, 2024