فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) گھر میں لگنے والی آگ نے پورے خاندان کو موت کی وادی میں پہنچا دیا۔ محلہ شریف پورہ میں گھر میں آگ لگنے سے جھلسنے والی 52 سالہ فرحت اور اس کی پانچ سالہ پوتی ایمان فاطمہ بھی الائیڈ ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقے محلہ شریف پورہ میں اسلم مرحوم کے دو منزلہ گھر میں چاروں بیٹے رہ رہے تھے، عیدالاضحیٰ سے ایک روز قبل محمد احمد نے اپنے نئے تعمیر شدہ کمرے میں اے سی لگوایا، 18 اور 19جون کی درمیانی شب یعنی عیدالاضحٰی کے دوسرے روز محمد احمد کے بیوی بچے، اس کی والدہ اور دوسرے بھائیوں کے بچے اے سی چلا کر بیٹھے ہوئے تھے ان میں سے ایک بچہ لیپ ٹاپ چلانے میں مصروف تھا کہ اچانک لیپ ٹاپ میں سپارکنگ ہوئی اور کمرے میں زوردار دھماکہ ہو گیا اور سارے کمرے کو آگ لگ گئی۔ جس کی زد میں آکر 6 سالہ دعا فاطمہ دختر محمد احمد، 9 سالہ طلحہ ولد محمد احمد ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گئے جب کہ 3 سالہ ریحان ولد محمد رضا، 4 سالہ ایمان فاطمہ دختر محمد رضا، 5 سالہ محمد ابراہیم ولد محمد احمد، 40 سالہ راشدہ زوجہ محمد رضا، 32 سالہ نرگس زوجہ محمد احمد، 22 سالہ محمد مکی رضا اور ان کی والدہ فرحت بی بی بیوہ محمد اسلم ہسپتال میں زیرعلاج تھے جو یکے بعد دیگرے انتقال کرتے گئے۔ گزشتہ روز بدنصیب خاندان کی 52 سالہ فرحت اور 5 سالہ ایمان فاطمہ نے الائیڈ ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ حادثے میں جھلس جانے والا کوئی فرد زندہ نہ بچا۔ بدنصیب خاندان کے 9 افراد موت کی آغوش میں چلے گئے۔
فیصل آباد: آتشزدگی واقعہ‘ زخمی دادی پوتی بھی جاں بحق‘ تعداد 9 ہو گئی
Jun 24, 2024