حب (آئی این پی ) کے الیکٹرک کی جانب سے حب پمپنگ سٹیشن پر بجلی کے اچانک بریک ڈاون سے 66انچ کی لائن پھٹ گئی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق حکام نے حب پمپنگ سٹیشن پہنچ کر متاثرہ لائن کا معائنہ کیا، سی او او واٹر کارپوریشن نے متاثرہ لائن کی بحالی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، لائن متاثر ہونے سے ضلع غربی اور ضلع کیماڑی کے کچھ علاقے متاثر ہوں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر کو دھابیجی پمپنگ سٹیشن سے معمول کے مطابق پانی کی فراہمی جاری ہے جبکہ حب پمپنگ سے شہر کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔ واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق شہر کو 650 ایم جی ڈی پانی میں سے 80 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا، واٹر کارپوریشن کے کرش پلانٹ ون اور کرش پلانٹ ٹو ہائیڈرنٹس عارضی طور پر بند رہیں گے، کرش پلانٹ ون اور کرش پلانٹ ٹو ہائیڈرنٹس پر آن لائن ٹینکرز سروس بھی معطل رہے گی۔ چیف انجینئر واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ متاثر لائن کا مرمتی کام اگلے 24 گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔
حب پمپنگ سٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاون، 66 انچ کی لائن پھٹ گئی
Jun 24, 2024