لاہور( آئی این پی )پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین کامران بشیر مغل نے کہا ہے کہ ہم پر امید ہیں کہ لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس متنازعہ نوٹیفکیشن کے حوالے سے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کریں گے جس سے حالیہ دنوں میں بنچ اور بار میں پیدا ہونے والے فاصلے اور تلخی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی ، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے بار ز کونسلز کیلئے فنڈز کا اجراء قابل تحسین ہے ، اپیل ہے کہ اپنی چھت فراہم کرنے کیلئے وکلاء کی ہائوسنگ سوسائٹی کا بھی اعلان کیا جائے ۔ اپنے بیان میں وائس چیئرمین کامران بشیر مغل نے کہا کہ اسرار احمد ایڈووکیٹ اور ذوالفقار مرزا ایڈووکیٹ کے قتل کا سانحہ انتہائی افسوسناک ہے ، اس کیس میں اب تک کی پیشرفت سے مطمئن ہیں ،حکومت سے اپیل ہے کہ شہداء کے خاندانوں کی مالی امداد کو بھی یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک بنچ اور بار ہم آہنگی سے کام نہیں کریں گے انصاف کی فراہمی میں مشکل رہے گی اس لئے ضروری ہے کہ اپنی اناء کو ختم کیا جائے ، ہم نئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے امید رکھتے ہیں کہ وہ متنازعہ نوٹیفکیشن کی واپسی کے لئے پہلی فرصت میں احکامات جاری کریں گے جس سے بنچ اور بار کے خوشگوار تعلقات دوبارہ بحال ہوں گے ۔ کامران بشیر مغل نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مالی سال کے بجٹ میں بارز کیلئے بجٹ مختص کرنے کا اقدام انتہائی خوش آئند ہے ، ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کو جلد بار میں آنے کی دعوت دیں اور انہیں وکلاء کے دیرینہ مسائل سے آگاہ کیاجائے گا،ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنی چھت کے خواب کو پورا کرنے کیلئے وکلاء کیلئے ہائوسنگ سوسائٹی کا اعلان کریں ۔