رواں سال مون سون بارشیں 35   فیصد  تک زیادہ ہونے کے امکانات 

Jun 24, 2024

لاہور( این این آئی)پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون بارشوں بارے الرٹ جاری کر دیا۔صوبے بھر کی انتظامیہ کو مون سون بارشوں سے متعلق جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال مون سون بارشیں 35 فیصد تک زیادہ ہونے کے امکانات ہیں۔پی ڈی ایم اے نے یکم جولائی سے پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں 15 سے 50 ملی میٹر بارش کے امکانات ہیں، مراسلے میں کہا گیا کہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں 25 سے 35 ملی میٹر بارشیں متوقع ہیں۔مراسلے کے مطابق جولائی کے تیسرے ہفتے میں بالائی پنجاب، ساتھ پنجاب میں 15 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جولائی کے چوتھے ہفتے میں 50 سے 70 ملی میٹر بارشوں کی پیشگوئی ہے، بالائی پنجاب وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔پی ڈی ایم اے مراسلے میں کہا گیا کہ جولائی میں مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ اور جنوبی پنجاب میں ہل ٹورنٹس کا خطرہ ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں سے قبل تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے، ندی نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات جلد از جلد مکمل کریں۔

مزیدخبریں