معاشی استحکام کیلئے سکیورٹی یقینی، دہشت گردی کا خاتمہ ضروری: زبیر احمد ظہیر

Jun 24, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ سی پی ای سی پر تمام قومی جماعتوں کی قیادت کا سیاسی اختلافات سے بالا تر ہو کر اتفاق کرنا ایک انتہائی احسن اقدام ہے۔ اسی جذبہ حب الوطنی کو اپنا کر ہم ہر طرح کی اندرونی اور بیرونی مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔ وہ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر کی رہائشگاہ پر اپنے اور سینئر سیاسی رہنما کرنل شجاعت احمد خان کے اعزاز میں دی گئی۔ دعوت استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ اس وقت ملک و قوم کی سب سے بڑی ضرورت سیاسی اور معاشی استحکام ہے۔ جب تک ہم متحد ہو کر پاکستان میں مثالی امن و امان اور سکیورٹی کو یقینی نہیں بناتے اور مکمل طور پر دہشتگردی کا خاتمہ نہیں کرتے تب تک ہم کسی صورت معاشی استحکام، ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کر سکتے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہ تمام محب وطن سیاسی و مذہبی جماعتوں اور رہنماؤں کو ملک و ملت کے وسیع تر مفادات میں ہر طرح کے ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ اچھے کاموں میں بھرپور تعاون کر نا چاہیے۔ اس موقع پر پروفیسر مولانا فیاض احمد سلفی، مولانا ضیاء الرحمن فاروقی اور میاں احسان الٰہی ظہیر بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں