کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے دورہ کراچی میں 150 بسیں دینے کا وعدہ کیا تھا، اسے پورا کریں۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے سے شہید بینظیرآباد میں پیپلز بس سروس شروع ہو جائے گی۔ ہم کراچی میں ہاکس بے سے ٹاور تک پیپلز بس سروس کا نیا روٹ شروع کر رہے ہیں۔ ریڈ لائن اور بی آر ٹی نگراں حکومت کی کوتاہیاں تھیں، وزیراعظم نے دورہ کراچی میں 150 بسیں دینے کا وعدہ کیا تھا، اسے پورا کریں، بجٹ میں 150 بسیں نظر نہیں آئیں۔ صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ سندھ میں جعلی نمبر پلیٹ لگانے والوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا۔ غیر رجسٹرڈ گاڑی فروخت نہیں ہوگی۔ غیر رجسٹرڈ گاڑی والے پر 10 لاکھ کا جرمانہ ہو گا۔ جعلی نمبر پلیٹ بنانے والی دکانوں کے خلاف بھی آپریشن ہو گا۔ رجسٹرڈ ہوئے بغیر کوئی گاڑی شوروم سے باہر نہیں نکلے گی۔ 29 جون سے پریمیم نمبر پلیٹس کی نیلامی ہو گی۔ کوئی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر پکڑا گیا تو جیل جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہری منشیات استعمال کرنے والوں کو دیکھیں تو اطلاع دیں، شہری 021111374637 پر ڈرگ ڈیلرز کی اطلاع دے سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا عمر ایوب ڈکیٹیٹر کی پیداوار ہے۔ نادار اور بیوقوف شخص ہیں، عمرایوب کو پتا نہیں صدر زرداری 12 سال جیل میں رہے، مجھ سمیت پیپلز پارٹی کاکوئی رہنما نیب کا بینیفشری نہیں رہا، عمران خان اور ان کی بہن نے ایمنسٹی سکیم لی۔ انہوں نے بتایا کہ کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن کر رہی ہے۔ سندھ حکومت سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ بنا رہی ہے، ہماری کارکردگی میں روز پیش رفت ہو رہی ہے۔ ہماری 100 دن کی نہیں ہزاروں دنوں کی کارکردگی ہے۔ میں 100 کیا 1000 دنوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کر سکتا ہوں۔
وزیراعظم کراچی کو 150 بسیں دینے کا وعدہ پورا کریں: شرجیل میمن
Jun 24, 2024