غیرملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح، امن و امان، شہریوں کے تحفظ میں غفلت برداشت نہیں: شہباز شریف

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ خبرنگار) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہیے۔ امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں سکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسلام آباد میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور اسلام آباد ماڈل جیل، اسلام آباد سیف سٹی، وفاقی انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اسلام آباد قومی سہولت مراکز اور منشیات اور دھماکہ خیز مواد کی شناخت و نشاندہی اور ٹریسنگ کے لیے قائم شدہ کے 9 یونٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل پریزن میں پیشہ ورانہ تربیت کا ادارہ اور ہسپتال تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تشکیل کے لیے چینی ماہرین سے مشاورت کی جائے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے میں جدید تقاضوں کے مطابق فرانزک لیب تعمیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں تمام سکیورٹی منصوبوں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر افرادی قوت کی بھرتیاں اور بین الاقوامی معیار اور جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مشغولیت پر توجہ مرکوز کی گئی اور نوجوانوں میں مثبت تبدیلی لانے کی صلاحیت پر زور دیا گیا۔ چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم کو مختلف جاری اقدامات اور پروگراموں کے بارے میں بتایا جن کا مقصد پاکستان میں نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے جن میں ہنر مندی، تعلیم اور معاشی مواقع شامل ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے نوجوانوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔دریں اثناء وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن