اسلام آباد(خبرنگار)انسداد دہشت گردی کیلئے آپریشن عزمِ استحکام کی مکمل حمایت کرتے ہیں ، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی جنگ ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میںہم پاک فوج کے ساتھ ہیں، آپریشن عزم استحکام آخری دہشت گرد ختم ہونے تک جاری رکھا جائے ۔جمعیت علما اہل حدیث کے چیئرمین قاضی عبدالقدیرخاموش،حاجی عبدالغفارسلفی ،علامہ عبدالخالق فریدی،ثنا اللہ ڈار،ابوبکرقدوسی ،حاجی محمدایوب ،حافظ عبدالباسط ودیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے، آپریشن عزم استحکام دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلیے اہم ثابت ہو گا۔ شدت پسندی کی کوکھ سے دہشت گردی جنم لیتی ہے اور تمام تر ریاستی اقدامات کے باوجود یہ ناسور کم تو ہو سکتا ہے مگر ختم کبھی نہیں ہو گا۔ اس کے لیے ایک مستقل بیانیہ بنانے کی ضرورت ہے ،قومی بیانیے کی تشریح یا تشہیر میں سیاسی ومذہبی قوتوں کا بھی بنیادی کردار ہوتا ہے۔ کیونکہ یہ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ مذہبی و سیاسی جماعتوں کا کردار کافی بہتر ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ مذہبی قوتوں اور فورسز کے ساتھ ساتھ مین سٹریم سیاسی قوتیں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ میڈیا اور سول سوسائٹی کا رول بھی انتہائی اہم ہے۔