راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت کپاس کی فصل بارے مشترکہ اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل سمیت محکمہ زراعت کے افسران اور پیسٹی سائیڈز کمپنیوں کے مالکان و نمائندگان کی شرکت کی۔اجلاس میں کپاس کی فصل کی نگہداشت اور کسان سہولٹ سنٹر زکے قیام بارے حکمت عملی مرتب کی گئی۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ رواں سیزن صوبہ پنجاب میں 35لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کی گئی۔کم از کم 26من فی ایکڑ اوسط پیداوار کا حصول یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے یکم جولائی سے کاٹن زون میں کسان سہولت سنٹرز قائم کردئیے جائیں گے۔ کسان سہولت سنٹرز تحصیل کی سطح پر قائم کئے جارہے ہیں۔ کسان سہولت سنٹرز پر معیاری زرعی زہریں رعائتی قیمتوں پر دستیاب ہونگی۔ متعلقہ پیسٹی سائیڈز کمپنیوں کا ٹیکنیکل سٹاف کسان سہولت سنٹرز پر کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کیلئے موجودرہے گا۔انہوں نے کہا کہ سہولت سنٹرز پر معیاری سپرے مشینری ونوزلز بھی رعائتی قیمت پر فراہم کی جائیں۔ کپاس کے نگہداشتی امور بارے خصوصی توجہ دی جائے۔ پیسٹ سکاوٹنگ کے عمل میں پرائیویٹ سیکٹر بھی محکمہ زراعت کے شانہ بشانہ عملی کرداراداکرے۔ مارکیٹوں میں زرعی مداخل کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ سرگرمیاں تیزکی جائیں۔ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ،چئیرپرسن نیشنل سیڈ اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی،کنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید، ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ پنجاب ڈاکٹر عامر رسول، ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں، ڈائریکٹر جنرل کراپ رپورٹنگ ڈاکٹر عبدالقیوم سمیت پیسٹی سائیڈز کمپنی مالکان ڈاکٹرمحمد شفیق پتافی،آصف مجید،شاہد سلیم قریشی،پی سی پی اے و کراپ لائف کے نمائندوں،خالد کھوکھرسمیت دیگر نے شرکت کی۔