ملک اسرار احمد ایڈووکیٹ اٹک بار کے ماتھے کا جھومر تھے،میجر طاہر صادق

فتح جنگ (نامہ نگار)سابق ضلع ناظم اٹک میجر طاہر صادق نے ضلع کچہری اٹک جیسے حساس علاقہ میں 2 سینئر وکلا ممبر پنجاب بار کونسل ملک اسرار احمد ایڈووکیٹ اور ذوالفقار احمد ایڈووکیٹ کا ایلیٹ فورس اٹک کے باوردی اے ایس آئی کے ہاتھوں سفاکانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک اسرار احمد ایڈووکیٹ اٹک بار کے ماتھے کا جھومر تھے اور یہ دونوں وکلا شہید کا درجہ رکھتے ہیں جو اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران انتہائی ظالمانہ اقدام کی بھینٹ چڑھ گئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات لاہور سے اٹک پہنچ کر شہید ملک اسرار احمد ایڈووکیٹ کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد نوائے وقت سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ڈی پی او آفس،ڈی سی آفس سے متصل ضلع کچہری اٹک جیسے حساس علاقہ میں انتہائی اہم وکلا پر سفاکانہ حملہ سیکورٹی کی ناکامی ہے انہوں نے کہا کہ ملک اسرار احمد ایڈووکیٹ پنجاب بار کونسل میں ضلع اٹک کا نام پورے پنجاب میں روشن کر رہے تھے اور ان کے ساتھی ذوالفقار اے مرزا ایڈووکیٹ کے قتل کی بھی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اس بہیمانہ اور انتہائی افسوناک واقع پر مجھے دلی رنج پہنچا ہے اور میں اس غم کی گھڑی میں شہید وکلا کے لواحقین اوراٹک بار کے وکلا کے غم میں شامل ہیں انہوں نے اٹک سمیت ملک بھر کی وکلا برادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وکلا نے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری طرز عمل کے فروغ کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے،اٹک سمیت ملک بھر کی وکلا برادری ممبر پنجاب بار کونسل ملک اسرار احمد ایڈووکیٹ اور ذوالفقار اے مرزا ایڈووکیٹ کے قتل اور تحریک انصاف کے رہنماں اور کارکنان کے خلاف کیے جانے والے ماورائے آئین،قانون اور غیر جمہوری طرز عمل کے خلاف اپنی سابقہ روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے آواز حق بلند کریں کیونکہ حدیث مبارکہ ہے کہ بہترین جہاد جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن