ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا

Jun 24, 2024 | 11:28

محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے اور موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، آئندہ 24 گھنٹےکے دوران  پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ،گزشتہ 24 گھنٹوں میں مالم جبہ میں 10 ملی میٹر،بالاکوٹ میں 6 ملی میٹر جبکہ دیر میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈہوئی، آئندہ 24 گھنٹوں میں صوبہ کے بالائی علاقوں میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے،پشاور سمیت صوبے کے میدانی علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں آج بھی دن بھر شدید گرمی کا راج رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، شہر قائد کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، گرم اور مرطوب ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت 45 ڈگری تک محسوس کی جاسکتی ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ لاہور ، مری گلیات ، راولپنڈی جہلم ، اٹک میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ چکوال ، تلہ گنگ ،سرگودھا ،منڈی بہاوالدین،گجرات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چندمقامات پر بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں وقفے وقفے سے سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی جاری رہی گی۔ کم سے کم 31 اور زیادہ سے زیادہ 43 تک درجہ حرارت جانے کا امکان ہے۔  

مزیدخبریں