اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے سسٹین ایبل ٹورازم فائونڈیشن پاکستان کے تعاون سے ایک جامع عوامی آگاہی مہم شروع کی ہے جس کا مقصد پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں ذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دینا ہے پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ اس مہم کا مقصد سیاحوں میں پاکستان کے دلکش پہاڑی علاقوں کا دورہ کرتے وقت ماحول دوست طریقوں کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے سیاحوں کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے نقصان دہ اثرات کے حوالہ سے کہا کہ کوڑا کرکٹ نہ صرف قدرتی ماحول کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ مقامی ثقافتی ورثے اور روایات کو بھی خطرے میں ڈالتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں سیاحت نے مقامی آبادیوں کو اقتصادی فوائد پہنچائے ہیں وہیں اس سے ماحولیاتی آلودگی، وسائل کی کمی سمیت دیگر مسائل بھی پیدا ہوئیہیں۔ ہماری مہم کا عنوان چلو اپنی گرمیوں کی تعطیلات کوسر سبز بنائیں کا مقصد سیاحوں کو ذمہ دار سیاحت کے اصولوں سے آگاہ کرنا ہے۔ ہمارے رہنما خطوط اور ضابطہ اخلاق پر عمل پیرا ہو کر سیاح مسائل کو کم سے کم کر سکتے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ سماجی و اقتصادی فوائد مقامی باشندوں تک پہنچیں۔
پی ٹی ڈی سی کی سسٹین ایبل ٹورازم فائونڈیشن پاکستان کے تعاون سے آگاہی مہم
Jun 24, 2024