اسلام آباد (خبر نگار )پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی کو کنڑول کرنا نہایت ضروری ہے اور اگر ہم نے اب بھی آبادی کو کنٹرول کرنے کے اقدامات نہ کئے تو دو دہائیوں بعد چالیس کروڑ کی آبادی کی وجہ سے ملک سنگین معاشی اور معاشرتی مسائل سے دوچار ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ ہم اس مسئلے پر سنجیدگی سے غور کریں اور اس سے نمٹنے کیلئے عملی قدم اْٹھائیں ورنہ چالیس کروڑ کی آبادی کے لئے پانی، بجلی، زرعی زمین، تعلیم، صحت اور روزگار کے مسائل کئی گنا بڑھ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تقریبا دو کروڑ بجے اسکولوں سے باہر ہیں اور جو اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں ان کی اکثریت آج بھی زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور زرعی زمینیں کم ہورہی ہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ زراعت ہماری ریڑھ کی ہڈی ہے اور زراعت پر مزید ٹیکس لگا کر ہم اپنی بیک بون کو کمزور کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کی تنخواہ بڑھا کر اور اْن پر مزید ٹیکس لگا کر ہم یہ اضافہ بھی اْن سے واپس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ان سب مسائل پر تفصیلی بحث ہونی چاہئے اور پھر ان مسائل کے حل کیلئے کوئی مضبوط اور مربوط پالیسی مرتب کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میںآنے والے ہر بچے پر قرضوں کا بوجھ بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم پارلیمنٹ میں بجٹ کے حوالے سے اہم باتیں کرتے ہیں مگر کوئی ہماری باتوں کو اہمیت نہیں دے دیتا اور نہ کوئی ہماری باتیں توجہ سے سْنتا ہے۔
ملک کی آبادی کو کنڑول کرنا نہایت ضروری ہے، خورشید احمد شاہ
Jun 24, 2024