سوشل میڈیا پر داغستان کے شہر ڈربینٹ میں فائرنگ سے قبل کے لمحات کو دکھانے والی ویڈیو پھیلائی گئی۔ روسی خبر رساں ایجنسیوں نے وزارت داخلہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اتوار کو ہونے والے ان حملوں میں 8 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوگئے۔ انسداد دہشت گردی کی قومی کمیٹی کے مطابق اتوار کو روسی قفقاز میں دو گرجا گھروں، ایک یہودی عبادت گاہ اور ایک پولیس چوکی کو نشانہ بنایا گیا۔کمیٹی نے بتایا کہ حملوں میں جمہوریہ داغستان کے شہروں ماخچکالا اور ڈربینٹ میں دو آرتھوڈوکس گرجا گھروں، ایک یہودی عبادت گاہ اور ایک پولیس چوکی کو نشانہ بنایا گیا۔ کمیٹی نے اعلان کیا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ داغستان ایک روسی خطہ ہے جس کی مسلم اکثریت جارجیا اور آذربائیجان کی سرحدوں پر واقع ہے۔ داغستان میں وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ ڈربینٹ میں ہونے والی فائرنگ میں 66 سالہ پادری مارا گیا۔روس میں یہودی کمیونٹیز کی یونین کے سربراہ بورچ گورین نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ڈربینٹ میں عبادت گاہ جل رہی ہے ۔ آگ بجھائی نہیں جا سکی۔ دو افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک پولیس اہلکار اور ایک سیکیورٹی گارڈ شامل ہے۔ ماخچکالا میں یہودی عبادت گاہ کو بھی آگ لگا دی گئی اور جلا دیا گیا۔ ڈربنٹ میں آرتھوڈوکس چرچ پر حملے کے دوران پادری کی گردن کاٹ دی گئی۔داغستان کے رہنما سرگئی میلیکوف نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ آج شام ڈربینٹ اور ماخچکالا میں معاشرے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی۔ داغستان کے پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا۔