غزہ کے امدادی مرکز پر اسرائیلی حملے میں آٹھ افراد ہلاک: عینی شاہدین

فلسطینی عینی شاہدین نے بتایا کہ غزہ شہر کے قریب امداد کی تقسیم کے لیے استعمال ہونے والے ایک تربیتی کالج پر اسرائیلی فضائی حملے میں آٹھ فلسطینی ہلاک ہو گئے جبکہ اسرائیلی ٹینک جنوبی شہر رفح میں مزید اندر تک داخل ہو گئے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ حملے میں اقوامِ متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی اونروا کے زیرِ انتظام چلنے والے ایک صنعتی کالج کا ایک حصہ نشانہ بنا جہاں اب بے گھر خاندانوں کو امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اونروا اور اسرائیلی فوج نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔ایک گواہ محمد تافش نے کہا، "کچھ لوگ کوپن لینے آ رہے تھے اور کچھ اپنے گھروں سے بے گھر ہو کر یہاں پناہ گزین تھے۔ کچھ پانی بھر رہے تھے، دوسرے کوپن وصول کر رہے تھے کہ اچانک ہمیں کچھ گرنے کی آواز آئی۔ ہم بھاگ کھڑے ہوئے اور جو لوگ پانی لے کر جا رہے تھے، ان کا پانی گر گیا۔" رائٹرز کے ایک فوٹوگرافر نے دیکھا کہ ایک کم بلند عمارت مکمل منہدم ہو گئی اور کمبل میں لپٹی ہوئی لاشیں اٹھا کر لے جانے کے انتظار میں سڑک کے کنارے رکھی ہوئی تھیں۔تافش نے کہا، "ہم نے شہداء کو [ملبے کے نیچے سے] نکالا۔ ایک جو مشروبات بیچتا تھا اور دوسرا جو پیسٹری بیچتا تھا اور دوسرے جو کوپن تقسیم یا وصول کرتے تھے۔ تقریبا چار یا پانچ شہید اور 10 زخمی ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ زخمیوں کی حالت بہتر ہے۔"حماس کے زیرِ انتظام فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی آٹھ ماہ سے زیادہ عرصے کی جنگ میں اس کی پیش قدمی ان دو علاقوں پر مرکوز ہے جن پر اس کی افواج نے ابھی تک قبضہ نہیں کیا ہے: غزہ کے جنوبی سرے پر واقع رفح اور مرکز میں دیر البلح کے آس پاس کا علاقہ۔رہائشیوں نے کہا کہ اسرائیلی ٹینکوں نے حماس کے ساتھ شدید لڑائی میں رفح کے شمال مغرب میں بے گھر افراد کے المواصی کیمپ کے کنارے تک پیش قدمی کی جو مغربی اور شمالی رفح میں مزید اندرونی علاقوں تک جانے کا ایک حصہ ہے جس میں انہوں نے حالیہ دنوں میں درجنوں مکانات کو اڑا دیا ہے۔ساحلی علاقے کے سامنے ایک پہاڑی چوٹی پر تعینات دو اسرائیلی ٹینکوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں لیکن رائٹرز ان کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا۔ایک رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک چیٹ ایپ پر بتایا، "مزاحمت کاروں کے ساتھ لڑائی شدید رہی ہے۔ قابض افواج اب المواصی کے علاقے کو نظر انداز کر رہی ہیں جن کی وجہ سے وہاں کے خاندان خان یونس کی طرف جانے پر مجبور ہو گئے تھے۔"اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ رفح کے علاقے میں "انٹیلی جنس پر مبنی ہدفی کارروائی" جاری رکھے ہوئے تھی اور اس نے ہتھیاروں کے ذخیرے اور سرنگوں کے دہانوں کا پتا چلایا اور فلسطینی مسلح افراد کو ہلاک کر دیا۔حماس اور اسلامی جہاد تحریک کے مسلح ونگز نے کہا کہ ان کے مزاحمت کاروں نے رفح میں اسرائیلی افواج پر ٹینک شکن راکٹوں اور مارٹر بموں اور پہلے سے نصب دھماکہ خیز آلات سے حملہ کیا۔وسطی غزہ کے النصیرات میں ایک اور حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ہفتے کے روز فلسطینی صحت کے حکام نے کہا کہ غزہ کے کچھ شمالی اضلاع میں الگ الگ اسرائیلی حملوں میں کم از کم 40 فلسطینی ہلاک ہو گئے جہاں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے حماس کے فوجی ڈھانچے پر حملہ کیا تھا۔ حماس نے کہا کہ نشانہ عام شہری تھے۔شمالی غزہ کی پٹی کے بیت لاہیا میں کمال عدوان ہسپتال کے صحت کے حکام نے بتایا کہ ایک بچہ غذائی قلت سے فوت ہو گیا جس سے سات اکتوبر سے غذا یا پانی کی قلت سے مرنے والے بچوں کی تعداد کم از کم 30 ہو گئی۔ اس تعداد کے بارے میں صحت کے حکام کہتے ہیں کہ یہ اصل تعداد سے کم ہے۔یاد رہے کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں تقریباً 37,600 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن