ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں میزبان ویسٹ انڈیز کا سفر تمام ہوگیا جس کو شکست دیکر جنوبی افریقہ کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی، افریقی ٹیم نے سپر ایٹ مرحلے کے ڈو اور ڈائی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کالی آندھی کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔ تفصیلات کے مطابق سر ویوین رچرڈز کرکٹ اسٹیڈیم نارتھ ساؤنڈ اینٹیگا میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 2 رنز پر گرگئی کیوں کہ شائے ہوپ کوئی رن بنائے بنغیر ہی پویلین لوٹ گئے، کائل میئرز نے 35 رنز بنائے، تاہم نکولس پورن صرف ایک رن ہی بناسکے، روسٹن چیس نے شاندار نصف سنچری بنا کر ٹیم کا سکور 135 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، روسٹن کی 42 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز میں 2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، آندرے رسل 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے، جنوبی افریقا کی جانب سے شمس تبریزی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارکو جینسن، ایڈم مارکرم، کیشو مہاراج اور رباڈا کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔جنوبی افریقہ کی اننگز کے آغاز پر ہی میچ بارش کے باعث روکا گیا جس کے بعد جنوبی افریقا کا ہدف 136 سے 123 رنز کردیا گیا اور اوورز کی تعداد بھی کم ہوکر 17 ہوگئی، ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کا ٹاپ اور مڈل آرڈر مشکلات کا شکار نظر آیا اور ویسٹ انڈیز کے باؤلرز کی گرفت مضبوط دکھائی دی کیوں کہ افریقی ٹیم کے اوپننگ بلے باز ریزا ہینڈرکس کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے، کوئنٹن ڈی کاک نے 12 رنز بنائے، کپتان ایڈن مارکرم 18 رنز ہی بنا پائے، تاہم ہینرک کلاسن کے 10 گیندوں پر 22 اور ٹرسٹن سٹبز کے 27 گیندوں پر 29 رنز نے اننگز کو سنبھالا جس کے بعد ڈیوڈ ملر 4 اور کیشو مہاراج 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، مارکو جانسن 14 گیندوں پر 21 رنز بناکر ناقابل شکست رہے اور جنوبی افریقہ کو فتح دلادی، ویسٹ انڈیز کی جانب سے راسٹن چیز نے 3 اوورز میں 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی، جب کہ آندرے رسل اور الزاری جوزف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، میزبان ویسٹ انڈیز کا سفر تمام‘ جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا
Jun 24, 2024 | 12:56