وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہر ڈویژن میں " مریم کی دستک" کی 65 سروسز شروع کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع میں " مریم کی دستک" سروسز دسمبر تک مہیا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور میں" مریم کی دستک" کی سروسز 40 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ اگست تک لاہور میں" مریم کی دستک " سروسز 65 تک پہنچ جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 14 اگست سے ہر ڈویژن میں مریم کی دستک سروسز شروع ہو جائے گی۔ پولیس، ریونیو، بلدیات، ایکسائز، ٹی ایم اے، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سمیت دیگر محکموں کی سروسز دستک کے ذریعے میسر ہوں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں دستک پراجیکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی ہے۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی نے مریم کی دستک توسیعی پراجیکٹ پر بریفننگ دی۔ اجلاس میں دستک موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کو ملنے والی سروسز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے دستک ایپ پر سروسز کی مزید بہتری کی ہدایت کردی۔ دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ڈومیسائل، ای سٹیمپنگ، برتھ، ڈیتھ، میرج سرٹیفکیٹس سروسز دستک ایپ کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ پراپرٹی ٹیکس، ٹوکن ٹیکس، موٹر وہیکل ٹرانسفر اور نئی گاڑی کی رجسٹریشن کی سہولت بھی دستک ایپ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔شہری مریم کی دستک نمائندوں کی اپائنمنٹ ویب پورٹل، موبائل ایپ یا کال سنٹر 1202 کے ذریعے سروسز اپلائی کرسکتے ہیں۔