صدرآصف علی زردای نے امریکی پادری کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ثقافتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

ایوان صدر اسلام آباد میں راب وٹمین کی قیادت میں ملنے والے امریکی ارکان کانگریس کے وفد سے بات کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ عدم برداشت اور غیر ہم آہنگی کا عنصر بہت تیزی سے فروغ پا رہا ہے جس کو روکنے کے لیے دنیا کو حرکت میں آنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتہا پسندی، تشدد اورعدم برداشت سمیت مختلف شکلوں میں سامنے آرہی ہے، حکومت اور پاکستانی عوام امریکی پادری کی حرکت کی شدید مذمت کرتی ہے۔ صدر مملکت نے بتایا کہ پاکستان دنیا کے ہر فورم پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گا۔ ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ کانگریسی وفد سے پاک امریکہ باہمی تعلقات کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ، ڈرون حملوں اور پاکستان کے لیے توانائی کی ضرورتوں جیسے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر وفد نے یقین دہانی کرائی کہ امریکہ پاکستانی حکومت اور عوام کی مدد جاری رکھے گا۔ دوسری طرف صدرآصف علی زرداری نے ایوان صدر میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں سیکرٹری جنرل انٹرپول رونلڈ نوبل کو ان کی کاوشوں کے اعتراف پر ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا۔ بعد میں صدر آصف علی زرداری نے جاپانی سفارتخانے کا دورہ کیا اور زلزلے اور سونامی سے تباہ حال ملک کے لئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ صدر کچھ دیر جاپانی سفارتخانے میں رہے اور قدرتی آفت پرجاپان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

ای پیپر دی نیشن