اسلام آباد (عترت جعفری) پاکستان نے کراچی کے راستے افغانستان جانے والی بھارتی گندم پر ڈیمرج چارجز معاف کرنے سے انکار کر دیا۔ اس سلسلہ میں کراچی میں افغان قونصل خانے اور گندم کی بار برداری کرنے والی کمپنی نے درخواست کی تھی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ افغانستان کے لئے بھارت نے ایک لاکھ ٹن گندم کراچی کے راستے بھیجی تھی۔ یہ گندم مختلف اوقات میں کراچی کی بندرگاہ پر بحری جہازوں کے ذریعے آتی رہی تاہم اسے افغانستان پہنچانے میں تاخیر ہوئی۔ گندم کی آمد کا سلسلہ جولائی 2011 ءمیں شروع ہوا اور فروری 2012ء میں مکمل ہو گیا تھا اور گندم ڈیمرج چارجز کی ادائیگی کے بعد افغانستان روانہ کی جاتی رہی۔ افغان قونصل خانے نے درخواست کی تھی گندم کی کلیئرنس پر جو ڈیمرج چارجز پاکستانی حکام نے وصول کئے ہیں انہیں ری فنڈ کر دیا جائے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ نے م¶قف اختیار کیا کہ گندم کی روانگی میں تاخیر کی ذمہ داری اس پر عائد نہیں ہوتی جبکہ ڈونر (بھارت) کی ذمہ داری تھی کہ وہ اس کی بار برداری اور اس سے منسلک تمام مالی ذمہ داریاں ادا کرے۔ حکومت پاکستان نے معاملات کے جائزہ کے بعد درخواست مسترد کر دی۔