کوئٹہ (بیورو رپورٹ) گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے نگران وزیراعلیٰ نواب غوث بخش باروزئی کی حلف برداری کے موقع پرکہا میں نے ہمیشہ مسخ شدہ نعشوں کے حوالے سے بات چیت کی ہے اب بھی کررہا ہوں اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا، ہماری کوشش ہے آنے والی نگران حکومت صوبے میں قیام امن کو یقینی بناتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے تاکہ صوبے کے عوام کے مسائل حل ہو سکیں مسائل کے حل کیلئے ہم سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی۔ مزید برآں گورنر ہاﺅس میں منعقدہ تقریب میں مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات میں اعلیٰ کارکردگی پر صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی کی تقسیم کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواب ذوالفقار علی مگسی نے کہا امن و امان بلوچستان کا ہی نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے بااختیار اور فیصلہ ساز الیکشن کمشن کی وجہ سے بلوچستان میں دھاندلی کے امکانات نہیں۔ انہوں نے کہا سیاسی رہنماﺅں کی کارکردگی جانچنے کا پیمانہ عوام کے پاس ہے۔ سابق حکومت کی کارکردگی کا سوال عوام سے کیا جائے وہی بہتر بتا سکتے ہیں کہ انہوں نے جن نمائندوں کو ووٹ دیکر کامیاب کرا کر ایوان میں بھیجا آیا انہوں نے ان کے مسائل کو حل کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے یا نہیں۔