اسلام آباد (اے پی پی) صدر آصف علی زرداری نے یوم پاکستان پر ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب کے دوران پاکستانی اور غیرملکی شخصیات کو بہادری‘ تعلیم اوردیگر مختلف شعبوں میں بہترین خدمات سرانجام دینے پر سول اور فوجی اعزازات عطاءکئے۔ تقریب میں سفارتکاروں‘ وزیراعظم راجہ پرویزاشرف‘ چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری‘ قومی اسمبلی کی سابق سپیکر فہمیدہ مرزا‘ مسلح افواج کے سربراہان اور بڑی تعداد میں سول اور فوجی افسران نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے جن شخصیات کو نشان امتیاز دیا ان میں ڈاکٹر عبدالستار ایدھی‘ سعادت حسن منٹو‘ مہدی حسن خان‘ ڈاکٹر عشرت العباد خان‘ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد احمد قدوائی‘ منیر احمد خان مرحوم‘ محمد عرفان برنی‘ امریکہ میں پاکستان کی سفیر شیریں رحمن اور ڈاکٹرعاصم حسین شامل ہیں۔ گورنر پنجاب نے گورنر ہاﺅس لاہور میں صدر مملکت کی طرف سے 37شخصیات کو قومی ایوارڈز (سول)، گورنر سندھ نے گورنر ہاﺅس کراچی میں 27 شخصیات کو اعزازات دئیے۔ گورنر خیبر پی کے نے 12 شخصیات کو اعزازات دئیے۔