لاہور (خصوصی رپورٹر) پیپلز پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں آنے والے سابق ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداران کی قطاریں لگ گئی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ملک احسان گنجیال، بہاول نگر سے پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے ڈاکٹر مظہر اقبال چودھری سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخرامام نے نوازشریف اور شہبازشریف سے ملاقات کی۔ جہانیاں سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی کے سابق ایم این اے افتخار نذیر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملے اور مسلم لیگ (ن) میں غیرمشروط طور پرشمولیت کا اعلان کیا۔نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا۔ ذرائع کے مطابق ملتان سے سکندر بوسن، راجن پور سے سردار نصر اللہ دریشک، سردار حسنین دریشک کی بھی ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور جلد ان کی شمولیت کا باقاعدہ اعلان سامنے آ جائے گا۔