دبئی + واشنگٹن + لاہور (طاہر منیر طاہر + نمائندہ خصوصی + خصوصی رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز نے جماعتوں کو خاندانی ورثہ بنا رکھا ہے، سیاسی ”اسٹیٹس کو“ توڑنے کےلئے پاکستان واپس آ رہا ہوں، طالبان کی دھمکیوں سے ڈرنے والانہیں، آج ہر صورت پاکستان آ رہا ہوں میرے وہاں پہنچنے کے بعد تمام افواہیں دم توڑ دیں گی، انتخابات ہونے والے ہیں اور اگر اس وقت بھی نہ جاو¿ں تو سارے کہیں گے کہ میں بڑا کنفیوژڈ آدمی ہوں، فوج کے آ جانے سے جمہوریت ختم نہیں ہو جاتی، ملک کے کسی حصے سے انتخابات میں حصہ لے سکتا ہوں، کبھی لانڈھی یا اڈیالہ جیل کا دورہ نہیں کیا لیکن اس بار دیکھ لوں گا۔ پریس کانفرنس میں مشرف نے کہا کہ پہلے نعرہ تھا ”لے کے رہیں گے پاکستان“ لیکن اب دہشت گردوں کا نعرہ ہے ”دے کے رہیں گے پاکستان“۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نعرہ ہونا چاہئے بچا کے رہیں گے پاکستان، ہم انشاءاللہ پاکستان کو بچائیں گے۔ میں اچھی نیت کے ساتھ پاکستان بچانے کیلئے آرہا ہوں۔ میں پہلے کبھی ڈرا ہوں نہ آئندہ کوئی مجھے ڈرا سکتا ہے۔ پاکستان دہشت گردی کی وجہ سے بدنام ہوا۔ دریں اثناءپاکستان بھر سے ان کے چاہنے والے بڑی تعداد میں ان کے استقبال کے لئے کراچی پہنچ رہے ہیں۔ پرویز مشرف ابتدا میں کراچی میں قیام کریں گے بعدازاں وہ اسلام آباد جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ دریں اثناءحکومت سندھ نے پرویز مشرف کو باغ قائد میں دی گئی جلسہ کی اجازت منسوخ کر دی۔ اجازت کی منسوخی ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر کی گئی۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ آل پاکستان مسلم لیگ نے جلسہ نہ کرنے سے اتفاق کیا ہے جبکہ نجی ٹی وی کے مطابق سابق صدر نے کہا ہے کہ آج ہر حال میں مزار قائدؒ پر جلسہ ہو گا۔ ادھر وزارت داخلہ نے حکومت سندھ کو سابق صدر کو سکیورٹی دینے کی ہدایت کر دی ہے اور کہا ہے کہ انہیں صدر اور وزیراعظم جیسی سکیورٹی ملنی چاہئے۔ دریں اثناءآل پاکستان مسلم لیگ ورکرز نے مزار قائدؒ کے گیٹ کے تالے توڑ دئیے اور جلسہ کے لئے انتظامات شروع کر دئیے۔ مشرف کے دبئی سے کراچی تک کے سفر میں صرف 3 صحافی ساتھ ہوں گے۔ سابق صدر کو ٹرمینل ون سے باہر لایا جائے گا۔ سابق سربراہ کی حیثیت سے دو بلٹ پروف گاڑیاں اور 50 کمانڈوز فراہم کئے جائیں گے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق کراچی میں ان کے استقبال کے لئے لاہور سے حافظ غلام محی الدین کی قیادت میں قافلہ کراچی پہنچ گیا۔