لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے لئے عام انتخابات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ بلاشبہ پاکستان کی بقا اور مستقبل اس الیکشن سے وابستہ ہیں۔ مجھے مکمل یقین ہے کہ عام انتخابات کے ذریعے عوام ووٹ کی طاقت سے ایسی مخلص اور ایماندار قیادت سامنے لائیں گے جو ملک کو حقیقی معنوں میں قائدؒ اور اقبالؒ کے خواب کے مطابق عام آدمی کا پاکستان بنائے گی۔ آج پاکستان کو دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، کرپشن اور بدحال معیشت جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے اور میں سمجھتا ہوںکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی واحد جماعت ہے جو نوازشریف کی قیادت میں ان مسائل سے نبردآزما ہونے اور ان کا حل کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ وہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چنیوٹ، حافظ آباد، منڈی بہاﺅالدین، نارووال اور سیالکوٹ کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں اور عہدیداروں کے الگ الگ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہاکہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں، کھوکھلے نعرے یا خالی دعوے نہیں۔ ایسے ٹھوس عملی اقدامات کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں تبدیلی اور خوشحالی لائی جا سکتی ہے جن کی بنیاد پر گزشتہ پانچ برس کے دوران پنجاب حکومت نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ پنجاب میں گزشتہ پانچ برس کے دوران ہونے والے تعلیم، صحت، روزگار اور زندگی کے دیگر شعبوں میں انقلابی اقدامات کا ہمارے مخالفوں نے بھی اعتراف کیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں عوام کا معیار زندگی بلند ہوا ہے اور وہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے ملالہ یوسف زئی کو برطانیہ کی انڈیکس تنظیم کی جانب سے اظہار آزادی ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلی نے ملالہ یوسف زئی اور اس کے والدین کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہاکہ وہ پاکستان کی جرات مند، دلیر اور ذہین بیٹی ہے۔