لاہور (نیوز رپورٹر) سہ روزہ قومی انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہو رہی ہے جو 26 مارچ تک جاری رہے گی جبکہ پنجاب میں 27 اور 28 مارچ کو کیچ اپ مہم چلائی جائیگی کہ جس میں مسنگ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔مہم میں شامل ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے 1 کروڑ 75 لاکھ بچوں کو قطرے پلائیں گی۔ 39 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور حساس اضلاع میں پولیو ورکرز کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ڈی سی اور ڈی پی او کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ صوبے کے داخلی راستوں ٹول پلازوں، ریلوے سٹیشنوں، لاری اڈوں اور ائر پورٹس پر بھی سفر کرنیوالے بچوں کو پولیو قطرے پلانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ علاوہ ازیں تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ سنٹرز اور حفاظتی ٹیکوں کے مراکز پر بھی پولیو کے قطرے پلانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ اس مہم میں تقریباً 80 ہزار محکمہ صحت کے اہلکار اور ہیلتھ ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔ بلوچستان میں بھی انسداد پولیو کی قومی مہم آج سے شروع ہوگی۔ سیکرٹری صحت بلوچستان عبدالصبور کاکڑ کے مطابق تین روزہ مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 22 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے۔ سندھ اور خیبر پی کے میں بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
3 روزہ قومی انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہو گئی، سکیورٹی کے سخت انتظامات
Mar 24, 2014