لاہور + گوجرانوالہ (خصوصی نامہ نگار+ نمائندگان) سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام 23 مارچ کے موقع پر ملک گیر ’’یومِ تحفظ ِ قرارداد پاکستان‘‘ منایا گیا اور ملک بھر میں محبت پاکستان کانفرنسیں اور پاکستان زندہ باد ریلیاں منعقد کی گئیں۔ ان اجتماعات میں ’’قرارداد بقائے پاکستان‘‘ بھی منظور کی گئی۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے اسلامی مشن ہال کراچی میں پاکستان زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوفیاء کے ماننے والے نظریۂ پاکستان کے محافظ بن کر قومی اتحاد و یکجہتی کو یقینی بنائیں گے۔ پوری قوم یومِ پاکستان کے موقع پر طالبانائزیشن کی مزاحمت کا عہد کرے۔ جذبۂ حبّ الوطنی کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ عمران خان طالبان کے بارے میں فکری مغالطے کا شکار ہیں۔ طارق محبوب صدیقی نے کہا ہے کہ استحکام وطن کیلئے لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کا خاتمہ ضروری ہے۔ ناموسِ ارضِ وطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں محبت پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے کہا نظریۂ پاکستان کے مخالفین کی ہر سازش ناکام بنا کر دم لیں گے۔ پاکستان بنانے والوں کے فکری وارثین پاکستان بچانے کے لیے میدان میں آ چکے ہیں۔ مفتی محمد سعید رضوی نے سمندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا 23 مارچ منزل مراد کا سنگ میل ہے۔ انتہاپسندی اور دہشت گردی سے ڈرنے نہیں لڑنے کی ضرورت ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سنی تحریک کے زیراہتمام گوجرانوالہ میں دفتر سنی تحریک ایمن آبادی گیٹ تا سیالکوٹی دروازہ جی ٹی روڈ تک پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی۔ سٹی صدر حافظ محمد طاہر نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا وطن عزیز کے چپے چپے کی حفاظت ہمارے ذمہ ہے۔ نئی آنے والی نسل تک نظریہ پاکستان کو صحیح سلامت پہنچانا ہمارا فرض ہے۔ اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے مگر بھارت کے ساتھ برابری کے بنیاد اور عزت کے ساتھ تجارت اور ثقافت کے فروغ میں کوئی ہرج کی بات نہیں ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی ضلعی صدر عثمان حیدر نقوی نے کہا دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کو پاکستان پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ اس موقع پر دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں جماعت اہلسنّت پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں ’’یومِ تحفظ ِ نظریۂ پاکستان‘‘ منایا گیا اور تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تحفظ ِ نظریۂ پاکستان کانفرنسیں اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ راولپنڈی میں خطاب کرتے کہا پاکستان سے محبت ہمارے جسم میں لہو بن کر دوڑتی ہے۔ عشق ِ پاکستان کے جذبات کو پھیلانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان دشمن طاقتوں کی ناپاک سازشیں ناکام ہوں گی اور پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کا خواب ضرور پورا ہو گا۔ پاکستان کی سلامتی کے تحفظ کے لیے قوم متحد ہو جائے۔