باٹاپور: بدچلنی کا شبہ، فائرنگ کر کے بہن اور اسکے آشنا کو قتل کردیا

Mar 24, 2014

لاہور (نامہ نگار) باٹا پور کے علاقہ میں بھائی نے بدچلنی کے شبہ پر فائرنگ کر کے بہن اور اس کے آشنا کو موت کے گھاٹ اتار دیا او خود تھانے جا کر گرفتاری دیدی۔ رام پورہ کے محنت کش فقیر محمد کے بیٹے الیاس کو شبہ تھا اسکی 15 سالہ بہن کرن کے محلے دار محمد علی کے 22 سالہ بیٹے غلام عباس سے تعلقات ہیں۔ الیاس نے اپنی بہن کرن کو متعدد بار منع کیا وہ غلام عباس سے میل  جول چھوڑ دے مگر وہ باز نہ آئی۔ گزشتہ روز الیاس گھر آیا تو اس کی بہن کرن اور غلام عباس گھر میں اکٹھے بیٹھے تھے جس پر الیاس نے طیش میں آ کر کمرے سے پسٹل نکال کر اپنی بہن اور اس کے آشنا غلام عباس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر کرن اور غلام عباس زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کی آواز سن کر دیگر اہلخانہ نے دیکھا تو دونوں خون میں لت پت پڑے تھے۔ طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جا رہے تھے دونوں راستے میں ہی دم توڑ گئے جبکہ ملزم الیاس نے خود تھانے جا کر گرفتاری دیدی ہے۔ پولیس نے دونوں نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرا دی ہیں۔

مزیدخبریں