قصور(نمائند ہ نوائے وقت) محلہ سرکی نیا بازار میں اغوا کے بعد قتل ہونے والی چار سالہ بچی کے قاتل گرفتار نہ کرنے پر ورثاء نے پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر نیشنل بنک چوک کو ٹریفک کے لئے بند رکھا۔ انہوں نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ تین روز قبل اسد نامی محنت کش کی بچی عائشہ گھر سے لاپتہ ہو گئی تھی تلاش نہ کیا جاسکا تاہم تین روز قبل اسکی بوری بند نعش گھر کے سامنے سے ملی تو علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ورثاء نے ملزم کی گرفتاری کیلئے سراغ رساں کتے منگوائے تو کتے ایک کرایہ دار جاوید عرف استاد کے گھر پہنچ گئے جس پر اہل علاقہ نے مبینہ ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق پکڑے جانیوالے ملزم نے جرم کا اقرار نہیں کیا۔ پولیس نے مدعی کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ مظاہرین نے زبردستی دکانیں بند کروا دیں اور پولیس آئی تو انہیں خالی بوتلیں مار کر بھگا دیا۔