اسلام آباد (ایجنسیاں) پاکستان اور قطر نے تجارت، دفاع، توانائی، افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا ہے جبکہ دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے تین معاہدوں پردستخط بھی کئے گئے ہیں۔ پاکستان اورقطرکے درمیان پیر کے روز وفودکی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ پاکستانی وفدکی قیادت وزیراعظم نوازشریف، قطرکے وفدکی قیادت امیرقطر شیخ تمیم بن حمادالثانی نے کی۔ وفودکی سطح پر بات چیت میں توانائی، سرمایہ کاری ،تجارت، دفاع اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان قطرکے ساتھ اپنے تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوںنے قطرکو دنیا بھر میں پُرکشش مقام بنانے کیلئے امیرقطرکی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان 30کروڑ ڈالر سالانہ تجارت کوکم قراردیتے ہوئے کہاکہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔ قطر میں مقیم ایک لاکھ سے زائد پاکستانی اس کواپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں جن کی طرف سے بھجوائی جانیوالی ترسیلاتِ زرملک کی بحالی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار اداکر رہی ہے۔ پاکستان قطرکی طرف سے افرادی قوت کی درآمدمیں اضافے کاخیرمقدم کریگا۔ اس موقع پر امیرقطر نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں ۔ قطر2022ء کے عالمی فٹ بال ورلڈکپ کے مقابلوں کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں پاکستان سے افرادی قوت بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم اور امیرقطرکے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ امیر قطرکے دورہ پاکستان کے اس طرح منتظرتھے جس طرح ایک بھائی دوسرے بھائی کے استقبال کیلئے بے تاب ہوتاہے ۔ امیرقطرکا دورہ پاکستان دوطرفہ تعاون کو بلندیوں تک لے جائیگا۔ امیر قطر نے کہاکہ قطر توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں سے استفادہ کریگا۔ علاوہ ازیں پاکستان اورقطرکے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کیلئے تین مختلف سمجھوتوں پر دستخط ہوئے، ثقافت کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے معاہدے پر وزیراطلاعات پرویزرشید اور قطرکے وزیر خارجہ ڈاکٹرخالد بن محمد نے دستخط کئے۔ دونوں ممالک نے نوجوانوں کے امور اورکھیل کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پردستخط کئے، تعلیم سائنسی تحقیق، فنی تعلیم اور میڈیاکے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے ایگزیکٹو پروگرام کے سمجھوتے پر بھی دستخط ہوئے۔ صباح نیوز کے مطابق امیر قطر نے کہاکہ میرا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی علامت ہے اور مضبوط پاکستان کیلئے تعاون جاری رکھیں گے جس کیلئے پاکستانی ماہرین اور افرادی قوت کیلئے قطر کے دروازے کھلے ہیں۔ امیر قطر نے صدر ممنون سے بھی ملاقات کی۔ دونوں سربراہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر ممنون نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط معاشی تعلقات چاہتے ہیں جس کیلئے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے۔ امیر قطرنے کہا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہماری خواہش ہے اور مضبوط پاکستان کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔ امیر قطر سے گفتگو میں صدر ممنون نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے ۔قبل ازیں امیر قطر دوروزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تو وزیراعظم نواز شریف نے نور خان ایئر بیس پر انکا استقبال کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے امیر قطر کے اعزاز میں عشائیہ دیا بھی جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہوں وفاقی وزراء اعلیٰ سول و فوجی حکام اور قطر کے وفد نے شرکت کی۔