شکرگڑھ+ چک امرو (نامہ نگاران) نواحی گائوں چاتری میں زرعی زمین کے تنازعہ پر 2 متحارب گروپوں میںجھگڑا ہو گیا، ایک گروپ کی فائرنگ سے 2 سگے بھائی اور ایک کی بیوی قتل جبکہ خاتون سمیت 10 افراد شدید زخمی ہو گئے، دوسرے گروپ کے تین افراد بھی زخمی ہو گئے۔ واقعات کے مطابق نواحی گائوں چاتری کے 2 حقیقی بھائیوں نذیر احمد اور غلام رسول نے یکے بعد دیگرے3 ایکڑ اور 2 ایکڑ زمین شمس دین عرف تھڑو سے خریدی، دوسرے فریق محمد ندیم طاہر ایڈووکیٹ گروپ کا موقف تھا کہ مذکورہ زمین کے مالک ہم ہیں ،اور ہم نے اسے کبھی فروخت ہی نہیں کیا، جس پر دونوں فریقین کے مابین قانونی کشمکش ہوتی رہی ، گزشتہ روز اس معاملہ پر دونوں فریقوں میں جھگڑا ہو گیا، جس پر مشتعل ہو کر ندیم طاہر ایڈووکیٹ گروپ نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجہ میں 2 حقیقی بھائی غلام رسول اور نذیر احمد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ مقتول نذیر احمد کی اہلیہ گلزاراں بی بی لاہور لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئی، مقتول غلام رسول کی اہلیہ روبینہ کوثر اورسمیت 10افراد شدید زخمی ہو گئے، دیگر زخمیوں میں کامران،یاسر ،زاہد،توقیر، ناصر ،شاہد ،اشفاق ،خلیل اور یاسر شامل ہیں،دوسرے فریق کے ندیم طاہر،عبد الحمید اور گل شیر کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے، زخمی ہونے والے تمام افراد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال شکرگڑھ پہنچایا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد 5زخمیوں کو نارووال اور لاہور کے اسپتالوں میں ریفر کر دیا گیا2 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، مقتولین کے عزیز و اقارب اور شہریوں کے جم غفیر کی وجہ سے حالات کے پیش نظر اسپتال میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ڈی پی او نارووال حشمت کمال واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شکرگڑھ پہنچ گئے ، پولیس مصروف تفتیش ہے۔