ڈیرہ اسماعیل خان+ پشاور+ کوئٹہ (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں+ بیورو رپورٹ+ اے ایف پی) ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جبکہ پشاور میں آئی ایس آئی کا سابق ریجنل ڈائریکٹر شہید ہو گیا جبکہ کوئٹہ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ اطلاعا ت کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈیرہ بنوں روڈ پر 2 پولیس اہلکار عمران اور فیصل موٹرسائیکل پر میلہ اسپاں و مویشیاں کی سکیورٹی کیلئے جا رہے تھے۔ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل عمران موقع پر ہی شہید ہوگیا۔ فیصل کو طبی امداد کے بعد علاج کیلئے ملتان منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ بھی دم توڑ گیا۔ ادھر کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ سے بہائو الدین نامی شخص موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ ادھر پشاور کے علاقے حیات آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے سابق انٹیلی جنس آئی ایس آئی کے افسر کو شہید کردیا۔ آئی ایس آئی کے سابق ریجنل ڈائریکٹر عبداللطیف حیات آباد فیز 7 میں بھائی کے گھر سے واپس جانے کیلئے نکلے تو نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنا ڈالا۔ عبداللطیف نجی یونیورسٹی میں پروفیسر تھے۔ واقعہ کے بعد پروفیسر عبداللطیف کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق پروفیسر عبداللطیف کے گھر والوں کا کہنا ہے عبداللطیف سے کسی کی دشمنی نہیں تھی۔ بی بی سی کے مطابق ڈیڑھ ہفتے کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے رواں ماہ کی 11 تاریخ کو نامعلوم افراد نے حیات آباد میں لیفٹیننٹ کرنل طارق غفور کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی نے واقعہ کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کر لیا ہے جس میں دہشت گردی کی دفعات درج کی گئی ہیں جبکہ دہشت گردوں کا سراغ لگانے کیلئے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔ شہید عبداللطیف کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقہ میں ادا کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں پشاور کے علاقہ فقیرآباد اور ملحقہ علاقوں اور راولپنڈی میں پولیس اور سکیورٹی فورسزنے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 37 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق یوم پاکستان کے روز فقیر آباد اور ملحقہ علاقوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسزکے سرچ آپریشن کے دوران 12 افغان مہاجرین سمیت 32 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ جن میں قتل و اقدام قتل کے مختلف مقدمات میں مطلوب تین اشتہاری بھی شامل ہیں۔ دریں اثناء سکیورٹی اداروں نے راولپنڈی کے تھانہ واہ کینٹ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 5مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر لیا گیا ہے۔ بنوں سے نامہ نگار کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشت گرد بارودی مواد اور خود کار اسلحہ سمیت گرفتار کر لئے ان کے قبضے سے 2 کلو گرام بارود‘ 2عدد کلاشنکوف‘ 2عدد پستول‘ ایک عدد بیٹری‘ ایک عدد سیفٹی‘ فیوز‘ ایک عدد پریما کارڈ‘ ایک عدد ڈیٹو نیٹر‘ 10موبائل سیٹ‘ 2 عدد آئی پیڈ برآمد کرکے انکے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے۔