اسلام آباد (آئی این پی) وفاق المدارس العربیہ کے صدر مولانا سلیم اللہ خان، جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر اور مولانا انوار الحق نے کہا ہے کہ برسلز میں بم دھماکے اور انکے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر افسوس ہے۔ بم دھماکے پوری دنیا کا امن تہہ و بالا کرنے کی سازش ہے، بیگناہوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، یورپ میں جو مختلف تہذیبوں اور قوموں کا تنوع ہے اسے ختم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بدامنی اور حالات خراب کر کے تارکین وطن کو مسائل سے دوچار کیا جا رہا ہے، عام اور بے گناہ لوگوں کو عالمی قوتوں کی باہمی چپقلش کی بھینٹ چڑھانا کسی طور پر بھی درست نہیں، دہشت گردی کے عفریت پر قابوپانے کیلئے عالمی برادری کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی ہوگی۔