موہالی + نئی دہلی (کے پی آئی+ سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اب بھارتی میڈیا کی تنقید کی زد میں آگئے ہیں ۔ موہالی کے پی سی اے سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 میچ کے آغاز سے پہلے آفریدی نے کشمیر کا ذکر بھی کیا جس سے بھارتی میڈیا ان سے ناراض ہو گیا ۔ بھارتی اخبار کے مطابق پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے یہ کہتے ہوئے ایک اور تنازعہ پیدا کر دیا کہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے کئی لوگ یہاں موجود ہیں۔ انہوں نے موہالی کے پی سی اے سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 میچ کے آغاز سے پہلے یہ بات کہی تھی۔ دوسری طرف بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے پاکستان ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کو خبردار کیا ہے کہ سیاسی بیانات سے گریز کریں۔ انوراگ ٹھاکر کا آفریدی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس طرح کا بیان دینا سیاسی طورپر درست نہیں، ایک کھلاڑی کو ان سب سے دور رہنا چا ہیے، اسی وجہ سے انہیں پاکستان میں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری نے آفریدی کے گزشتہ بیان 'ہندوستان میں زیادہ پیار ملا ہے' کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پر سابق کھلاڑیوں اور عوام کی جانب سے انکے ملک میں تنقید کی گئی تھی۔