::::افغانستان کے خراب ہیلی کاپٹرز کی مرمت پر 50ملین ڈالر خرچ کرینگے: بھارتی سفیر

Mar 24, 2017

نئی دہلی /لندن(آئی این پی) بھارت نے ایک بار پھر افغانستان کی ایئرفورس کے ٹرانسپورٹ طیاروں اور خراب ہیلی کاپٹرز کی مرمت کیلئے غور شروع کردیا اور وہ اس حوالے سے کابل کے سگنلز کا انتظار کر رہا ہے۔ ماضی میں نئی دہلی اور کابل کی فوجی قربتوں نے پاکستان کو قدرے تنگ کیا تھا۔ برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کابل میں بھارتی سفیر مان پریت ووہڑا کا کہنا ہے کہ نئی دہلی افغانستان کے سوویت یونین ساختہ خراب ایم آئی 35 ماڈل کے 11 ہیلی کاپٹرز اور 7 سفری طیاروں کے نئے آلات خریدنے اور ان کی مرمت کیلئے تقریباً 50 ملین امریکی ڈالر خرچ کریگا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ نئی دہلی دیکھ رہا ہے کہ وہ کس طرح کابل کی مدد کر سکتا ہے کیونکہ افغانستان ایئر فورس کے خراب ہیلی کاپٹرز اور ٹرانسپورٹ طیاروں کی بہت بڑی تعداد ہے، جن کے آلات بھی اپنی مدت پوری کرچکے ہیں۔ بھارتی سفیرکے مطابق نئی دہلی مجوزہ تجویز کی حتمی لاگت معلوم کرنے کے بعد آئندہ چند ماہ میں اس کی منظوری دیدیگا۔ واضح رہے افغانستان ائرفورس کے زیادہ تر طیارے سوویت یونین دور کے ہیں، بعدازاں روس پر مغرب کی پابندیوں کے باعث افغانستان کو فوجی مدد فراہم نہیں کی جاسکی، جس کی وجہ سے طیارے اڑنے کے قابل نہیں رہے۔ بھارت ایسی پابندیوں میں قید نہیں مگر 2015ءمیں کابل کو 4 حملہ آور ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کے بعد نئی دہلی اس طرح کابل کی براہ راست فوجی مدد سے گریزاں ہے۔بھارت کا موقف ہے ان کے پاس وسائل نہیں ، تاہم وہ افغانستان کی تعمیراتی مدد کیلئے کہتا رہا ہے۔بھارتی سفیر کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت بھارت خراب طیاروں کی مرمت کیلئے روس یا سوویت یونین کی ان سابق ریاستوں کو ادائیگیاں کریگا، جہاں وہ طیارے تیار ہوئے تھے۔خیال رہے اس حوالے سے بھارتی سفیر اور افغان ایئر چیف کے درمیان آئندہ ہفتے ملاقات طے ہے۔روس کی فیڈرل سروس ملٹری نے طیاروں کی مرمت کیلئے تکنیکی مدد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کوئی جواب نہیں دیا۔روسی حکومت کے عہدیداروں کا کہنا ہے امریکی اور افغان حکام کے مطابق افغانستان میں داعش کے جنگجو بڑھ رہے ہیں اور انکا مقابلہ کرنے کیلئے افغان فوج کے پیچھے امریکی فوج کا ہونا کافی نہیں۔بھارتی سفیر نے طالبان کو ملک کیلئے خطرہ قرار دیتے دلیل پیش کی آئندہ ماہ اپریل میں ہونے والے امن مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں بھارت کابل کے پیچھے ہوگا۔
بھارت/ افغان ہیلی کاپٹرز

مزیدخبریں