اداروں میں سیاسی مداخلت ختم‘ شفافیت لائے‘ سرمایہ کار آ رہے ہیں: پرویز خٹک

Mar 24, 2017

پشاور (بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میںپاکستان تحریک انصاف کی حکومت نظام میںمثبت تبدیلی لانے کے واضح ایجنڈے کے تحت معرض وجود میں آئی جس نے کوشش کی کہ گذشتہ 70سال کے فرسودہ نظام کو صحیح راستے پر ڈال کر ہر شعبہ میں اصلاحات لائی جائیں۔ اس مقصد کے حصول کےلئے ہماری حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کی، اداروں میں سیاسی مداخلت کو ختم کیا اور تمام سیکٹرز میں میرٹ اور شفافیت لائے۔ یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کی تاریخ میںیہ پہلا صوبہ ہے جہاں پر ہسپتالوں میں ڈاکٹروں ، دیگر عملے اور سکولوں میں اساتذہ کی سو فیصد حاضری یقینی بنائی گئی ہے۔ ہماری پالیسیوں کی بدولت صوبے میں انوسٹمنٹ آ رہی ہے جبکہ سبز انقلاب لانے کے لئے ہم نے صوبے میں بلین ٹری سونامی کا منصوبہ شروع کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاو¿س میں ائیر کموڈور حسین احمد کی قیادت میں 30 ویں پی اے ایف ائیر وار کورس کے شرکاءکے وفد سے خطاب میں کیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے حیات آباد میں امن و امان، صفائی، نکاسی آب، سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے اور یہاں کے رہاشیوں کو درپیش دیگر مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں پر ویز خٹک نے ضلع چترال میں سیر و سیاحت، صحت، تعلیم، مواصلات، تعمیرات ، بحالی اور دیگر بنیادی شعبوں میں قومی تعمیر نو کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں