نئی دہلی (خبر ایجنسیاں) بابری مسجد اور رام مندر کے تنازعہ کیس میں سپریم کورٹ کی مذاکرات کی پیشکش کے ردعمل میں مسلم رہنما اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ اب بات چیت کی کوئی صورت نہیں بچی ہے عدالت کا فیصلہ سب کو قبول کرنا ہو گا جبکہ بی جے پی کے رہنما سبرامنیم سوامی نے کہا ہے کہ مسلمان نہ مانے تو قانون بنا کر رام مندر کی تعمیر کریں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ بابری مسجد رام مندر تنازعہ پر اب بات چیت کی کوئی صورت نہیں بچی اس بارے میں سات بار مذاکرات ناکام ہو چکے ہیں، عدالت عظمیٰ جو فیصلہ سنائیگی وہ تمام فریقین کو قبول کرنا ہو گا، سبرامنیم سوامی مایوسی کا شکار ہیں، انہیں اعتماد نہیں جمہوریت کے نام پر سوامی بلیک میل نہیں کر سکتے، یوگی وزیراعلی ہیں، کوئی خدا نہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے اگر سپریم کورٹ نے کل رام مندر کے خلاف فیصلہ دے دیا تو سبرامنیم سوامی کیا کریں گے۔ اویسی نے کہا کہ اگر بھارت کے لوگ اکثریت والی حکومت کے تمام اقدامات کو درست ماننے اور ٹھہرانے لگیں گے تو بھارت کا پلورل ازم (تکثریت) ختم ہو جائے گا۔ دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ اور رام جنم بھومی معاملے میں وکیل ڈاکٹر سبرامنیم سوامی نے کہا کہ اگر عدالت کے ذریعہ سے اس معاملے کا حل نہیں نکلتا ہے تو 2018 میں قانون بناکر رام جنم بھومی پر عظیم الشان مندر کی تعمیر کرائی جائے گی۔ڈاکٹر سوامی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ سپریم کورٹ نے بات چیت کے ذریعہ سے حل تلاش کرنے کا مشورہ دیا ہے لیکن مسلمانوںکے رویہ سے نہیں لگتا وہ رام مندر کی تعمیر کے لئے رضامند ہوجائیں گے ایسے میں آخری حل قانون بنانا ہی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں راجیہ سبھا میں بھی مودی حکومت کو اکثریت مل جائے گی جس کے بعد ضروری قانون بناکر رام مندر کی تعمیر یقینی بنائی جائے گی۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے چیف جسٹس جے ایس کیہر کی صدارت والی بنچ نے بابری مسجد رام جنم بھومی مسئلے کا حل متعلقہ فریقین کے درمیان باہمی اتفاق رائے سے کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر وہ اس معاملے میں ثالثی کرنے کے لئے تیار ہے ۔ جسٹس کیہر نے کل عدالت میں سماعت کے دوران معاملے کی پیروی کرنے والے بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی سے کہا کہ وہ اجودھیا تنازع کا حل عدالت سے باہر کرنے کی کوشش کریں۔
مسلم رہنما / بی جے پی
بابری مسجد‘ بات چیت کی کوئی صورت نہیں بچی‘ مسلم رہنما : نہ مانے تو قانون بنا کر رام مندر تعمیر کرینگے : بی جے پی
Mar 24, 2017