برج الخلیفہ پر قومی پرچم کی عکاسی پر فوج کو مبارکباد یو اے ای حکومت کا شکریہ:مریم اورنگزیب

Mar 24, 2017

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ 23 مارچ کی تقریب قومی ہم آہنگی اور جذبہ حب الوطنی کی بے مثال نمونہ تھی، وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی خارجہ پالیسی نئی مسرتوں سے ہمکنار ہے اور ہمیں تنہا کرنے کے خواب دیکھنے والے خود تنہا ہوتے جا رہے ہیں ، پاکستان خارجہ پالیسی ، قومی سلامتی اور دفاع اور معاشی ترقی کے شعبے میں ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد نے جہاں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے وہاں امن اور سکون کا ایک نیا ماحول پیدا ہورہا ہے ۔ پریڈ میں خاص طور پر دوست ممالک سعودی عرب، ترکی ، ساؤتھ افریقہ اور عوامی جمہوریہ چین کے فوجی دستوں کی پہلی دفعہ شرکت پوری پاکستانی قوم کے لیے اعزاز اور افتخار کی بات تھی اورکامیاب خارجہ پالیسی کی واضح دلیل تھی، علاوہ ازیں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستانی پرچم کی عکاسی اماراتی حکومت کا جذبہ خیر سگالی ہے۔ حکومت پاکستان نے پرچم کی عکاسی کیلئے کوئی رقم ادا نہیں کی جبکہ بھارت نے یوم جمہوریہ پر پرچم کی عکاسی کیلئے اماراتی حکومت کو رقم ادا کی تھی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ افواج پاکستان کو ہم سب کا پاکستان مہم چلانے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں ، اس مہم سے پوری قوم متحد ہوئی ہے، مہم نے برج الخلیفہ پر پاکستانی جھنڈے کو روشن کرنے میں معاونت کی، انہوں نے کہا کہ برج الخلیفہ کو قومی پرچم میں تبدیل کرنے پر پوری قوم یو اے ای حکام کی مشکور ہے۔

مزیدخبریں