اسلام آباد/لاہور/کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی+ نواز رضا+ سپیشل رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں+ خبرنگار+ بیورو رپورٹ) لاہور سمیت ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر شکرپڑیاں میں پریڈ ایونیو پر تینوں مسلح افواج کی شاندار مشترکہ پریڈ منعقد ہوئی جس میں عسکری قوت کا زبردست مظاہرہ کیا گیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ پاک فوج کے بہادر، جری، غیور جوان توجہ کامرکز بن گئے۔ صدر ممنون حسین، وزیراعظم محمد نواز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف اور دیگر اعلیٰ عسکری قیادت نے بھرپور انداز میں جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، یوم پاکستان پریڈ میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ترک بینڈ نے مرحبا اور جیوے جیوے پاکستان کی خوبصورت دھنیں بجائیں۔ یوم پاکستان پریڈ مقرر ہ وقت 8:30 بجے شروع ہو ئی، پہلی بار چین اور سعودی عرب کے فوجی دستے پاکستان کی اس شاندار پریڈ میں شریک ہوئے، ترکی کے قدیم ترین مہتر بینڈ نے بھی شرکاء کے دل جیت لئے، صدر ممنون روایتی صدارتی بگھی میں پریڈ ایونیو آئے، وزیر اعظم اور اعلیٰ عسکری قیادت نے ان کا استقبال کیا، سب سے پہلے پاک فوج کے پرچم بردار دستے نے صدر پاکستان کو سلامی پیش کی، سلامی پیش کرنے والے تینوں مسلح افواج کے دستوں میں رینجرز، اسلام آباد پولیس، بوائز سکائوٹس، گرلز گائیڈ اور ایف سی کے دستے بھی شامل تھے۔ خواتین کے دستے نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔ جنوبی افریقہ کے آرمی چیف نے بھی پریڈ میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ جدید ترین میزائل، طیارہ شکن توپیں، ٹینک، ایٹمی اثاثوں کا دفاعی سسٹم، بغیر پائلٹ کے اڑنے والے جدید ترین ڈرونز اور براق سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرے، پریڈ ایونیو میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، فاٹا سمیت چاروں صوبوں کے ثقافتی رنگ بکھر گئے، رینجرز کے صحرائی جہازوں پر مشتمل کیمل بینڈ دستہ نے بھی صدر پاکستان کو سلامی پیش کی، جدید ترین دفاعی ہتھیاروں کے بعد ثقافتی فلوٹ سلامی کے چبوترے سے گزرے، سب سے پہلے آزاد کشمیر کی ثقافت کا فلوٹ سلامی کے چبوترے سے گزرا۔ بعدازاں بلوچستان، خیبر پی کے، پنجاب اور سندھ کے فلوٹ گزرے، خیبر پی کے کے فلوٹ پر خٹک ڈانس پیش کیا گیا، بلوچ ثقافت کے رنگ بھی بکھرے، خنجراب پاس، کے ٹو کے مناظر کے فلوٹ بھی شامل تھے، پنجاب کا فلوٹ ڈھول کی تھاپ پر سلامی کے چبوترے سے گزرا اور پنجاب کے جوانوں نے بھرپور انداز میں بھنگڑے ڈالے، فضائی پاسٹ کے دل ہلا دینے والے مظاہرے نے پریڈ میں شریک اعلیٰ ترین قیادت اور مہمانان کے دل جیت لئے، پاک ایوی ایشن کے چھ طیارے ہمرقاب فضا میں نمودار ہوئے اور قوس قزح افق پر بکھیر یں، جے ایف17 تھنڈر، ایف16 طیار وں نے ہوا کے دوش پر اڑانیں بھریں تو پریڈ ایونیو زور دار تالیوں سے گونج اٹھا، شیر دل فارمیشن کے طیاروں نے انتہائی دلکش مظاہرہ پیش کیا اور فضا سے اپنی وفائوں کے نعرے سنائے، چھاتہ بردار جوانوں نے زمین پر اترنے کا انتہائی حیران کن مظاہرہ پیش کیا ، ترک بینڈ نے مرحبا کا نعرہ لگایا جس پر ترک بینڈ کو دل کھول کر داد دی گئی، یہ بینڈ دنیا کا قدیم ترین بینڈ ہے جس کی بنیاد 1299 میں رکھی گئی۔ پاکستان دشمنوں کے لئے خطرے کی علامت جدید ترین میزائل سسٹم غوری، بابر، کروز میزائل، شاہین تھری، رعد میزائلوں کا علامتی طورپر نمائش کی گئی، سٹرٹیجک پلانز ڈویژن کے دفاعی ہتھیاروں ہما، عقاب، جاسوس طیاروں کی بھی نمائش کی گئی اور وارہیڈ لے جانیوالا میزائل سسٹم بھی سلامی کے چبوترے سے گزرا، پاکستان کے جدید ترین ٹینکوں کی گنوں کو چبوترے کے سامنے پھیرتے ہوئے سلامی پیش کی گئی، صدر پاکستان کا گھڑ سوار دستہ بھی روایتی طورپر سلامی کے چبوترے سے گزرا، پیپلز لبریشن آرمی چین اور سعودی عرب کے فوجی دستے سلامی کے چبوترے سے گزرے تو انہیں زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا، ایف 16طیاروں نے بھی دل ہلا دینے والے مظاہرے کئے، قو س قزح فضا میں بکھیر دیئے اورسلامی کے چبوترے سے انتہائی قریب سے گزرتے ہوئے شرکاء تقریب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ دفاعی ہتھیاروں کی نمائش کے بعد قومی نغمہ پیش کیا گیا اور سکولوں کے بچوں نے پرجوش انداز میں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ بچوں نے راحت فتح علی خان کے ساتھ ملی نغمہ پیش کیا، صدر ممنون حسین، وزیر اعظم محمد نواز شریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بچوں کو داد دی اور ان میں گھل مل گئے، صدر پاکستان کو قومی یکجہتی کے اظہار پر پریڈ کمانڈر نے تقریب کے آخر میں پاکستانی پرچم پیش کیا۔ واہگہ بارڈر اور گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریبات ہوئیں۔ پریڈ کا پنڈال عوام سے بھر گیا عوام کا جذبہ عروج پر تھا۔ اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے‘ پنڈال میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار تھی۔ جوانوں نے دشمنوں کے دل دہلا دیئے اور اپنوں کے دل گرما دیئے۔ اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد قومی سلامتی، ملکی خوشحالی اور ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارے کی دعائوں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں علی الصبح 21‘ 21 توپوں کی سلامی دی گئی، لاہور میں مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ ملک بھر میں خصوصی تقریبات‘ سیمینارز اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا، یوم پاکستان پر ملک میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ لاہور میں وزیراعلیٰ نے ایوان اقبال میں یوم پاکستان کی مناسب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ کتھیڈرل چرچ مال روڈ پر دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں کرسچن برادری کے سینکڑوں ارکان نے پاکستان کے استحکام اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔لارڈ میئر بلدیہ عظمیٰ لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے جام شیریں پارک میں پرچم کشائی کرکے یوم پاکستان کی تقریب کا آغاز کیا۔ مینار پاکستان پر شہریوں کی آمدورفت کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جبکہ رات کو گریٹر اقبال پارک میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ یوم پاکستان کے موقع پر شہر بھر میں عام تعطیل رہی جس کے نتیجے میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، مالیاتی ادارے، عدالتی، کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور بازار بند رہے۔ پاکستان ائرفورس کے تمام ائربیسز پر بھی یوم پاکستان روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔ شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی یوم پاکستان بھرپور انداز میں منایا گیا۔ کوئٹہ میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہیگا۔ پاکستانی قوم متحد ہے اور رہے گی۔ نوجوان نسل ملک دشمنوں سے لڑنے کو تیار ہے۔ پشاور، کوئٹہ، کراچی، مستونگ، خاران، زیارت میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ امریکہ، فرانس، چین، سپین، بحرین، دبئی اور دیگر ممالک میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں۔ کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔جدہ سے امیر محمد خان کے مطابق دنیابھر کی طرح سعودی عرب میں بھی یوم پاکستان جوش و خروش سے منایا گیا۔ ریاض میں پاکستانی سفارتخانے میں وزیراعظم کے معاون طارق فاطمی نے قائمقام سفیر حسن وزیر کے ہمراہ پرچم لہرا کر تقریبات کا آغاز کیا۔ پیرس سے صاحبزادہ عتیق کے مطابق فرانس میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے سفارتخانے میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کیا۔
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہم بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیںاور چاہتے ہیں کہ تقسیم برصغیر کے نامکمل ایجنڈے یعنی مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، اس مقصد کیلئے پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ عالمی برادری بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری پوری کرے تاکہ علاقائی سلامتی اور پائیدار امن کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو سکے آج پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل ِ تسخیر ہے، ہماری روایتی و ایٹمی طاقت کا مقصد عالمی اورعلاقائی امن کو یقینی بنانا ہے، اسی لئے ہم پوری دنیا، خاص طور پر اپنے ہمسایوںکے ساتھ امن اور دوستی چاہتے ہیں لیکن بھارت کا غیرذمہ دارانہ طرزِ عمل اور اس کی طرف سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری کی مسلسل خلاف ورزی کے واقعات نے خطے کے امن کو دائو پر لگا دیا ہے۔ وہ جمعرات کو پریڈ گرائونڈ میں خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ایک عزم کی کہانی بیان کرتا ہے، وہ عزم جو یقین میں بدلا تو اس کی طاقت نے برصغیر کے مسلمانوں کو قائداعظم ؒ کی دوراندیش قیادت میں ایک ایسی قوت عطا کر دی جس کی جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں دنیا کی تار یخ و جغرافیہ دونوں تبدیل ہو گئے اوربے سمت قوم کو ایک واضح نظریاتی شناخت مل گئی ، بساطِ عالم پر جس کا نقش دائمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم قیام پاکستان اور استحکام پاکستان کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دینے والے ان شہیدوں اور غازیوں کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور عزم کرتے ہیں کہ ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی اور سا لمیت کے لیے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ پریڈ گرائونڈ میں عزم و ہمت کی روشنی سے چمکتے ہوئے میرے جرّی جوانوںکے چہرے اور اِن کے ہتھیاروں کی چمک دمک ہمارے اسی عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چند برسوں سے دہشت گردی کے خلاف برسرِپیکار ہے۔ اس جنگ میں ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کمال بہادری کے سا تھ کام کیا۔ ہمارے ان شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں کاہی نتیجہ ہے کہ آج پاکستان پہلے کی نسبت زیادہ محفوظ ہے۔میں واضح کرتا ہوں کہ آپریشن ضربِ عضب کے بعد ردالفساد کے تحت کارروائیاں بچے کھچے دہشت گردوں کے خاتمے تک جاری رہیں گی اوراللہ تعالیٰ کے حکم سے اس فتنے کا سر ہمیشہ کے لیے کچل دیا جائے گا۔اس سلسلے میں یہ امر باعثِ اطمینان ہے کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جس عزم کے ساتھ افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیا ہے،اس سے انتہاپسندانہ بیانیے کی بنیاد اکھڑ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہماری معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور پاکستان خطے میں ایک مضبوط اقتصادی طاقت کی حیثیت سے ابھر رہا ہے، ترقی کے اس سفر میں ہمیں اپنے پُرخلوص دوستوں اور برادر ممالک کا بھر پور تعاون حاصل ہے جن میں چین کا مخلصانہ کردار خاص طور پر قابل ِ ذکر ہے۔ اقتصادی راہداری کے عظیم الشان منصوبے میں دونوں ملکوں کی شراکت نے پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کا دروازہ کھول دیا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج کی پریڈ میں عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کا دستہ بھی شریک ہے جو ایک تاریخی واقعہ ہے، اس سے قبل چینی فوج نے بیرون ملک کبھی کسی پریڈ میں شرکت نہیں کی۔یہاں سعودی عرب کے فوجی دستے کے علاوہ جنوبی افریقہ کی نمائندگی بھی موجود ہے جبکہ ترک ملٹری بینڈ نے اپنی سریلی دھنیں بکھیر کر اِس دن کو یاد گار بنا دیا جس پر ہم اپنے ان تمام دوستوں کے شکر گزار ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ امن، ترقی اور خوشحالی کے عظیم تر مقاصد کیلئے انہیں ہمارا تعاون ہمیشہ حاصل رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ پریڈ کے شاندار انعقاد پر میںاس کے کمانڈر، شرکا، مقامی انتظامیہ اور سی ڈی اے کو شاباش دیتا ہوں۔ ہمیں اپنے افسروں اور جوانوں کی مستعدی ، اعلیٰ عسکری معیار، بہترین نظم وضبط اور جدید حربی ساز و سامان پر فخر ہے۔ اسی جوش و جذبے کے ساتھ ملک وقوم کی حفاظت کرتے رہیے تاکہ ایک مضبوط ، طاقتور اور جمہوری پاکستان کا سبز ہلالی پرچم تابہ ابد سر بلند رہے، آمین! صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ انتہا پسند بیانئے کی بنیاد اکھڑ چکی۔ آپریشن رد الفساد سے فتنے کا سر ہمیشہ کیلئے کچل دیا جائیگا۔ غازیوں اور شہیدوں کی قربانی نے پاکستان کو آج زیادہ محفوظ بنا دیا۔ اسلام آباد میں شکرپریاں پریڈ ایوینیو گراؤنڈ میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب کے موقع پر صدر پاکستان ممنون حسین نے خطاب میں کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان سے قوم کو واضح نظریاتی شناخت ملی، ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔